الخدمت نے شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا

496
جماعت اسلامی کے ضلعی امراء عبدالرزاق خان، عبدالرشید اور منعم ظفر خان بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حالیہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر الخدمت اور جماعت اسلامی کراچی کے کارکنوں اور رضاکاروں نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ،شہر بھر میں مختلف علاقوں میں الخدمت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سروس چلائی گئی جس میں پانی میں پھنسے افراد کو مطلوبہ مقام تک پہچانے کا بندو بست کیا گیا،مویشی منڈی میں ہزاروں افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا، لیاری ، بہار کالونی ، لیاقت آباد ، ایف بی ایریا، اورنگی ٹاؤن اور دیگر متعدد علاقوں میں پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔



دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حالیہ بارش کے بعد شہر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی نااہلی و ناقص کاکردگی کی وجہ سے پوراشہر اس وقت تالاب کا منظر پیش کررہا ہے ، متعدد مقامات پر کرنٹ لگنے کے واقعات سامنے آئے ہیں،درجنوں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور کئی مقامات پربارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے قبل بھی پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا رہا باوجود اس کے کوئی اقدامات کیے جاتے ،شہریوں کے لیے مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا ،حالیہ بارش نے نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی و شہری حکومت کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کے علاوہ شہر کی صورتحال کے حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جارہے۔



انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ندی نالوں کی صفائی کے حوالے سے اب تک کوئی بہتر انتظامات کیے گئے جبکہ کے ایم سی اور متعلقہ اداروں کی نااہلی کے سبب ندی نالوں کا پانی سیوریج کے پانی میں شامل ہورہاہے جو کہ شہریوں کے لیے مہلک بیماری کا باعث بن سکتا ہے ،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بارش سے قبل ہی ندی نالوں کی صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جاتالیکن نالوں کی صفائی کے انتظامات نہیں کیے گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بیان بازی کے بجائے شہرکی موجودہ صورتحال پر توجہ دیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔