حکمران قرآن کے مطابق امور مملکت چلائیں‘ اسلام میں ہر قسم کا غبن اور سود حرام ہے‘ خطبہ حج

938
میدان عرفات: لاکھوں مسلمان حج کا رکن اعظم وقوف کررہے ہیں

مکہ مکرمہ (صباح نیوز +مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد نمرہ کے امام شیخ ڈاکٹر سعدبن ناصر الشتری نے خطبہ حج میں مسلم حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ کتاب اللہ یعنی قرآن کے مطابق امور مملکت چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ہرقسم کاغبن اور سود حرام ہے‘ شریعت پر پوری طرح عمل کرنا لازم ہے‘ اللہ کے راستے پر گامزن رہنے سے ہی نجات ملے گی۔ان کے بقول شریعت اسلامیہ کی خوبصورتی ہے کہ زمین پر زندگی، مالی اور معاشی نظام کو منظم کیا۔امام سعدبن ناصر نے میدان عرفات میں جمع لاکھوں عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی مسلمان سے ہویاغیرمسلم کے ساتھ اسلام میں منع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ایک دوسرے کا مال باطل طریقے پر نہیں کھاتے،وعدہ خلافی نہیں کرتے،

مسلمان ایک دوسرے پر ظلم نہ کریں،تفرقات میں نہ پڑیں اور اللہ سے ڈریں، نماز قائم کریں، زکوٰۃ دیں اور روزہ رکھیں۔کسی کو رنگ ونسل کے لحاظ سے ایک دوسرے پر فوقیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کے سوا کسی کی عبادت نہ کی جائے،مسلمانوں پرلازم ہے کہ ان حدودکی حفاظت کریں جواللہ نے ان کے لیے کھینچ دی ہیں،اللہ نے محمدﷺ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا، ہر معاملے میں آنحضورﷺ کی پیروی کریں۔امام سعد بن ناصر کے بقول نیکیاں گناہوں کو مٹا دیتی ہیں، جو تقویٰ اختیار کرے گااللہ اس کی ہر مشکل آسان کرے گا، اللہ کا وعدہ ہے کہ متقی ہی جنت میں داخل ہوں گے، نصیحت کرتا ہوں تقوی اختیار کریں، شریعت اسلامیہ نے والدین کی خدمت اور فرمانبرداری فرض قراردیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اسلامی تعلیمات دنیا بھر میں امن اور بھائی چارے کا حکم دیتی ہیں،ذرائع ابلاغ بھی اسلام کے پیغام کو فروغ دینے میں موثر کردار اداکریں۔ بعدازاں لبیک الھم لبیک کی صداؤں کے ساتھ لاکھوں مسلمانوں نے حج کا رکن اعظم وقوف ادا کیا۔غروب ہوتے سورج کے ساتھ ساتھ حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوگئے۔جہاں مغرب اور عشاء کی نماز ایک ساتھ ادا کی ۔بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔ قبل ازیں وقوف عرفات کے موقع پر خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا ۔ اس غلاف پر کشیدہ کاری کے ذریعے سونے کے تاروں سے قرآنی آیات تحریر کی گئی ہیں۔غلاف کعبہ میں 150 کلو خالص سونا اور خالص ریشم کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کی تیاری میں 2کروڑ 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے، غلاف کعبہ کاسائز657مربع میٹرہے اور4حصوں پر مشتمل ہے۔غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل 4گھنٹے تک جاری رہا‘ تقریب میں گورنر مکہ سمیت ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔