امریکا ‘ تباہ کن طوفان کے بعد جنگلات میں خوفناک آگ

302
سکرامنٹو: امریکی فائر بریگیڈ کا عملہ طیاروں اور آلات کی مدد سے ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے 

سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں تباہ کن طوفان ہاروی اور اس کے نتیجے میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے باعث متاثرہ ریاست میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر جیری براؤن کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ اب تک کی سب سے بڑی آگ ہے۔ آگے بجھانے کے عمل میں تقریباً 800 فائر فائٹرز مصروف ہیں، جب کہ لاس اینجلس کے شمال میں 2 ہزار ایکٹر سے زائد رقبہ آگ سے متاثر ہوا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے لگنے والی آگ کے باعث تقریباً 700 گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی مسلمانوں نے ریاست ٹیکساس میں طوفان ہاروی کے متاثرین کی امداد کے لیے ایک مشترکہ فنڈ قائم کیا ہے، جس میں بڑے پیمانے پر مسلمان امریکی چندہ جمع کر رہے ہیں۔



ریاست کی مساجد میں سیلاب متاثرین کو پناہ فراہم کی گئی ہے اور اسے امدادی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔ صرف ہوسٹن شہر میں 500 سے زیادہ مسلمان رضاکار طوفان ہاروی کے متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ادھر امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول ملانیا ٹرمپ نے ہفتے کے روز ہیوسٹن کے سیلاب زدہ علاقوں کا دوبارہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے مراکز میں پناہ لینے والے متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے وہاں موجود بچوں کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں اور لوگوں کی داستانیں سنیں۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ بھی ان کے ساتھ تھے۔