پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ‘ سرمائے میں 112ارب روپے کا اضافہ

438

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عید الاضحی کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کھلنے والی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای100انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 41700پوائنٹس کی نفسیاتی حد پربحال ہو گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں112ارب سے زائد روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 86کھرب روپے سے بڑھ کر 87کھرب روپے پر جا پہنچا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا ،اسٹیل ،گیس ،توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41800پوائنٹس کی حد عبور کر نے میں کامیاب بھی ہو گیا تھا مگر کاروبار کے اختتام تک انڈیکس اس سطح کو برقرار نہ رکھا سکا تاہم41700پوائنٹس کی سطح پر انڈیکس مثبت زون میں ہی بند ہوئی ۔



پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 572.21پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 41206.99پوائنٹس سے بڑھ کر 41779.20پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 304.60پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 21307.50پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29519.51پوائنٹس سے بڑھ کر 29898.99پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب 12 ارب61کروڑ71لاکھ21ہزار334روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 86کھرب 48ارب 14کروڑ78لاکھ 40ہزار 149روپے سے بڑھ کر 87کھرب60ارب 76کروڑ49لاکھ 61ہزار 483روپے ہو گیا ۔منگل کو مارکیٹ میں 6ارب روپے مالیت کے 10 کروڑ77لاکھ 66ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ عید الاضحی سے قبل آخری کاروباری دن 5ارب روپے مالیت کے 7کروڑ5لاکھ 59ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔



پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز مجموعی طور پر 371کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے272کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 83میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 94لاکھ ،عائشہ اسٹیل مل 81لاکھ ،سوئی سدرن گیس 63لاکھ73ہزار ،ازگارڈ نائن 63لاکھ اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 62لاکھ حصص کے سودں سے سرفہرست رہے ۔قیمتو ں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبارسے صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 78.35روپے اور ملت ٹریکٹرز کے بھاؤ میں58.22روپے کا اضافہ جبکہ خیبر ٹوبیکو کے بھاؤ میں 44روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ میں 40روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔