مکہ مکرمہ میں ضیوف الرحمن کے لیے پاکستان حج رضاکار گروپ کی خدمات 

519
مکہ مکرمہ: پاکستان حج رضاکار گروپ کے ارکان منیٰ اور عزیزیہ میں ضیوف الرحمن کی رہنمائی کررہے ہیں

جدہ (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں پر مشتمل پاکستان حج رضا کار گروپ (پی ایچ وی جی) کے 160سے زائد رضا کار مشاعرِ مقدسہ میں حج کے موقع پر خدمات میں مصروف رہے۔ ان رضا کاروں کی 100 ٹیمیں منیٰ کے 250 سے زائد مقامات پر ضیوف الرحمن کی مدد اور رہنمائی کے لیے 24گھنٹے موجود رہ کر خدمات انجام دیتی رہیں۔ پی ایچ وی جی کی میڈیا ٹیم کے انچارج پاکستان انٹر نیشنل اسکول (عزیزیہ) کے پروفیسروسیم شاہد بخاری کی رپورٹ کے مطابق رضا کار حجاج کرام کی ان کے مکاتب تک رہنمائی کے علاوہ عمر رسیدہ، بیماراور خواتین کو وہیل چیئرکی سہولت بھی فراہم کی۔ بیمار حجاج کرام کو صحت کے مراکز تک پہنچایا اور حج کے دوران لاپتا ہو جانے والوں کو سوشل میڈیا اور پاکستان حج مشن کے تعاون سے تلاش کر کے ان کے عزیز واقارب تک پہنچایا۔



تمام رضا کار شدید گرم موسم میں مسلسل کئی گھنٹوں تک شفٹوں میں کام کرتے رہے۔ اس موقع پر حجاج کرام میں ٹھنڈا پانی بھی تقسیم کیا جاتا رہا۔ حج رضا کاروں کی کئی ٹیمیں مکہ مکرمہ کے العزیزیہ علاقے میں موجود رہیں منیٰ سے مکہ آنے والے حجاج کی رہائشی عمارتوں تک رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہے۔