لاہور/بنی گالہ (آئی این پی) تحر یک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشر یف کو بھاگنے نہیں دیں گے انکو جیل جانا ہی پڑ یگا ، نوازشر یف اس وجہ سے نکلے کیونکہ اربوں روپے کی چوری کی اور اس سے اپنے بچوں کے نام پر جائیدادیں بنائیں، عدالت عظمیٰ کے سامنے جھوٹ بولا اور جعلی دستاویزات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف این اے 120کے ضمنی انتخاب میں آخری گیند تک لڑے گی، انتخابی مہم چلانے والے عوام کے پاس جاکر بتائیں کہ ملک کے جو اربوں روپے چوری کرکے باہر لیجائے گئے وہ پاکستان کے لوگوں کا پیسہ ہے ، نون لیگ لاہور کے ضمنی انتخابات میں سر کاری وسائل استعمال کر رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنے ایک انٹر ویو کے دوران کہا کہ اگر نواز شریف عدالت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو دوسرے مجرم کیوں مانیں گے؟،
اربوں کی چوری اگر بڑی نہیں تو جیلوں میں قید لوگوں کا کیا قصور ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے ضمنی انتخابات میں عوام کو آگاہ کیا جائے کہ اگر آپ نواز شریف یا ان کے نامزد کردہ امیدوار کو ووٹ دیں گے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ملک میں انصاف اور احتساب کے ساتھ نہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں جنہیں عدالت عظمیٰ نے کرپشن کرنے پر نا اہل کیا ۔ ہمیں لوگوں کو جگانا ہے جس میں ہم کامیاب ہوں گے اور اس ملک سے کر پٹ سیاستدانوں کی سیاست ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی۔