عیدقرباں حضرات ابراہیم کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے‘ میاں اسلم

537
اسلام آباد ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم جی نائن کیمپ میں جانور ذبح کرکے اجتماعی قربانی کا افتتاح کررہے ہیں 

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہعید قربان اللہ کی اطاعت کے علاوہ شیطانی اور کبرو غرور پر مبنی خواہشات پر چھری چلانا ہے، حج اور قربانی حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کر تی ہے ،عید قر بان پر جانور کی قربانی کے ساتھ ساتھ اپنی خواہشات ، احساسات، رویے اور مزاج کی قربانی ہی عید کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے بر ما کے مسلمانوں پر ہو نے والے مظالم کی شدید مذ مت کر تے ہو ئے کہاکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کے حوالے سے دہری پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،بر ما میں مسلمانوں کی نسل کُشی کی جارہی ہے مگر اپنے پرائے سب خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔



انہوں نے کہا حکومت بر ما کے سفیر کو بلا کر اُسے پاکستانی عوام کے جذ بات سے آگاہ کر ے اور تمام سفارتی ذرائع استعمال کر تے ہو ئے روہنگیائی مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ رکوائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخد مت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی قر بانی کے افتتاح اور ضلع بھر میں قائم مختلف سینٹرز کے دورے کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔ میاں محمد اسلم نے کہاپاکستان سمیت عالم اسلام آج جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہے اس کے اصل ذمے دار اس کے نااہل حکمران ہیں جو اغیار کی غلامی پر راضی ہوچکے ہیں اور امت کی سرپرستی کے بجائے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کررہے ہیں ، استعمار ی قوتوں نے مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلیے عالم اسلام پر جنگ مسلط کررکھی ہے ۔



ان حالات میں ضروری ہے عالم اسلام اپنے اختلافات ختم کرکے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلیے متحد ہوجائے ۔انہوں نے کہامیدان عرفات میں فرزندان توحید کے عظیم الشان اجتماع اور امام کعبہ کے ایمان پرور خطبے نے پوری امت کے لیے اتحادو یقین ،حکمت و دانش ،فرقہ پرستی اور دہشت گردی سے الگ رہ کہ ترقی کی شاہر اہ دکھائی ہے ، یہ پوری امت کے جذبات کی ترجمانی ہے۔