عوام 11 ستمبرکے ’’احتساب مارچ‘‘ میں بھرپورشرکت کرے ،شمس الرحمن سواتی

431

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) جما عت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاکہ جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ حکومت میں آئے بغیر خدمت کے وہ سارے کا م کرتی ہے جو حکومتوں کو کرنے چاہئیں عیدالاضحی جیسے عظیم موقع پر غریبوں اورمستحق خاندانوں کیلیے صرف جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن سمیت دیگرفلاحی تنظیمیں میدان میں ہوتی ہیں گزشتہ برس الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرانتظام 4ارب 52کروڑ روپے کی لاگت سے 86لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے ۔حکومت کی جانب سے عید کے روایتی بیانات کے سوا مستحق خاندانوں کیلیے کچھ نہیں ہوتا نہ ہی اس جانب کوئی توجہ ہوتی ہے حالانکہ ٹیکس ،زکوٰۃ سمیت تمام ترانکم حکومت وصول کرتی ہے لیکن اس انکم کا زیادہ ترحصہ عوامی فلاح کے منصوبوں پرخرچ ہونے کے بجائے کرپشن ،کرپٹ بیوروکریسی اورحکمرانوں کی بندر بانٹ اورعیاشیوں میں میں خرچ ہوجاتاہے، عوام اپنے حقوق کے حصول کیلیے جماعت اسلامی کے زیراہتمام 11 ستمبرکے لاہورسے راولپنڈی ’’احتساب مارچ‘‘ میں بھرپورشرکت کریں ۔



خطہ پوٹھوہارکے عوام 7-30 بجے امیرجماعت سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں آنے والے کرپشن فری پاکستان ’’احتساب مارچ ‘‘کا کچہری میں استقبال کریں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عید قربان کے موقع پر اجتماعی قربانی کے مراکزکے دورے او ر بعدازاں مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پر انہوں نے عید الاضحی کے دن اپنی خوشیاں قربان کرکے دکھی انسانیت کی خدمت کیلیے وسائل جمع کرنے کیلیے مصروف عمل الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں کوخراج تحسین پیش کیا ۔امیرضلع نے کہاکہ جماعت اسلامی اہل خیر کے تعاون سے اسپتال ، تعلیم ، ایمبولینس سروس ، واٹر پلانٹس ہر وہ کام کرتی ہے جس سے لوگوں کو نفع پہنچتا ہو ۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں زلزلہ ، سیلاب کی آفتوں کے وقت لوگوں کی مدد کو پہنچتی ہے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کرتی ہے ۔



انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس ملک کی حقیقی جمہوری جماعت ہے اس کا ثبوت یہ ہے کہ ایک شخص دیر کے غریب گھرانے سے اٹھتاہے اور جماعت کا امیر منتخب ہو جاتاہے ۔ باقی پارٹیاں خاندانی کلب اور ذاتی جاگیریں ہیں ۔ جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ دیانتدار ، مخلص اور سچے لوگوں کی جماعت ہے اس پر کرپشن کاکبھی ایک بھی الزام نہیں لگا ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سچے اور کھرے ایماندار ، دیانتدار لوگوں کو حکومت کے ایوانوں میں پہنچایا جائے ۔اس سے ہمارے مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کرتی ہے ، لیکن ان کو کوئی سہولت میسر نہیں ، حالانکہ ساری دولت لوٹ کر بیرون ملک اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کرادیتے ہیں ۔