اسلام آباد(آن لائن/صباح نیوز) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکا سے تعلقات میں برابری چاہتے ہیں،پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، امریکا کو ہماری قربانیوں کو تسلیم کرنا ہوگا،افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں،برکس میں چین کی جانب سے بھارت کا ساتھ دینے کا تاثر درست نہیں، خطے میں بھارتی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دینگے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برکس صرف بھارت کی کانفرنس نہیں تھی اوربھی ممالک شامل تھے، برکس اعلامیے کو خارجہ پالیسی کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا ،برکس میں چین کے بھارت کا ساتھ دینے کی بات غلط ہے ،اعلامیے کا چین اکیلا ذمے دار نہیں نہ رشین فیڈریشن کو اختیار ہے ۔علاوہ ازیں دفتر خارجہ میں 3 روزہ انوائے کانفرنس کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں امریکا ، چین، روس، ترکی اور دیگر اہم ممالک سے پاکستانی سفیر شریک ہیں۔
اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال ، افغانستان میں قیام امن سے منسلک ہے، افغانستان میں امن وسلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بات کرنے میں پاکستان کے موقف کی حمایت ہے۔ امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں برابری چاہتے ہیں۔امریکی صدر کے پالیسی کے بارے میں ہم خیال ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت جاری ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں بھارت کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دیں گے۔انوائے کانفرنس کا اجلاس کل تک جاری رہے گا۔ سفیروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد انہیں وزیراعظم کو بھجوایا جائے گا۔ اختتامی سیشن سے شاہد خاقان عباسی خطاب کرینگے۔