اسلام آباد (اے پی پی) ملک بھر میں 52 واں یوم دفاع پاکستان آج قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدر پانے والے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائیں بھی ہوں گی۔ دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے 6 ستمبر کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے،
دنیا کی کسی قوم نے جانی و مالی صورت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی بھاری قیمت ادا نہیں کی جتنی پاکستان کے عوام نے ادا کی ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب درپیش نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے 6 ستمبر کی اصل روح کو بحال کریں اور عہد کریں کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو دنیا کی ایک عظیم قوم بنائیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سالمیت، وقار اور بقاکی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ہماری صفوں میں اتحاد برقرار رہے اور ہم وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں۔