بھارتی فوج 6 ستمبر 1965 کا ناشتہ کبھی نہیں بھولے گی

356

محمد نثار
چھ ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، 6 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج جنگ کا اعلان کیے بغیر انٹر نیشنل بارڈر کو کراس کرتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوئی ۔بھارتی فوج کا ارادہ تو یہ تھا کہ وہ 7 ستمبر کو صبح کا ناشتہ لاہور میں کرے گی لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے ایسا ناشتہ پیش کیا کہ بھارتی فوج آج تک اس کا ذائقہ نہیں بھول پائی ۔
بھارتی فوج کے منصوبے یہ تھا کہ 6ستمبر کی صبح لاہور کی سڑک پر بھارتی فوج سے اس وقت کے وزیراعظم لال بہادر شاستری اپنی کابینہ کے چند وزرا ئکے ہمراہ سلامی لیں گے اورشام کو لاہور جم خانہ میں کاک ٹیل پارٹی کے دوران بیرونی دنیا کو خبردی جائے گی کہ دنیا ئے اسلام کی سب سے بڑی ریاست کے دل پر کفار کا قبضہ ہو چکا ہے ، لیکن بھارت کے ارادوں اور منصوبوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب بھارتی وزیر اعظم کو مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی شکست کی خبریں دی جانے لگیں۔



یہ وہ وقت تھا کہ جب نہ صرف پاک فوج کے سپوتوں نے بھارتی فوج کی تواضع کی بلکہ پوری قوم نے یکجا ہو کر بھارتی فوج کو ہر محاذ پر بدترین شکست کی صورت میں ناشتہ پیش کیا ۔ پاک فوج نے وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کیا اور پاکستانی عوام کی مدد سے ہر محاذ پر بھارتی فوج کو شکست دے کر تحفے میں انہیں ناکوں چنے چبوا دیے ۔
سب سے اہم ناشتہ پاکستان کی فوج کے اہم سپوت میجر عزیز بھٹی نے بھارتی فوج کو پیش کیا ۔ میجر عزیز بھٹی اس وقت لاہور سیکٹر کے علاقے برکی میں کمپنی کمانڈر تعینات تھے ۔ میجر عزیز بھٹی مسلسل 5 دن تک بھارتی ٹینکوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے ، 12 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج کے ایک ٹینک کا گولہ میجر عزیز بھٹی کی چھاتی میں لگا جس سے وہ شہید ہو گئے ۔میجرعزیز بھٹی شہید ہو کر امر ہو گئے اور بھارت کے دل میں اپنا خوف بٹھا گئے ،پاکستانی قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانیوں کو آج تک نہیں بھولی اور نہ کبھی بھول پائے گی۔



6 ستمبر 1965 کو بھارت کی طرف سے پاکستان پرمسلط کی گئی جنگ بھارت کے لیے ایک خوفناک انجام ثابت ہوئی، پاکستانی فوج نے نہ صرف اپنے علاقوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ بھارتی علاقوں کے اندر گھس کر بھارتی فوج کو بھی ناکوں چنے چبوائے ۔
6ستمبر 1965ء صرف پاک بھارت جنگ نہیں بلکہ کفر و اسلام کے درمیان عظیم معرکہ تھا جسے پوری قوم اپنے خلاف چیلنج جانتے ہوئے مقابلہ کرنے نکل کھڑی ہوئی۔ پاک فوج کے شانہ بشانہ پاکستان کی بہادر عوام نے جنگ کی دہشت و حشت کو ایک کھیل سمجھ کر جس بے جگری اور فیاضی کا مظاہرہ کیا وہ ہماری تاریخ کادرخشاں باب ہے ۔
پاکستانی قوم ہر سال 6 ستمبر یوم دفاع کے طور پر منا کرنئے جذبے سے پاک وطن کے چپے چپے کے دفاع کا عہد کرتی ہے ،دوسری جانب پاکستان کی یوم دفاع کی تقاریب کو دیکھ کر بھارتی فوج کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اس ناشتے کو یاد کرتی ہے جو پاک فوج اور پاکستانی قوم نے اسے پیش کیا تھا۔
میری دعا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سلامت رہے اور دنیا پر اسلام کا غلبہ ہو جائے ،آمین ۔