کراچی کی ابتر صورتحال‘ وزیراعلیٰ منتخب بلدیاتی نمائندوں پر برہم‘ وزیربلدیات کو اقدامات کی ہدایت

523
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو ہدایت کی ہے کہ وہ کچی آبادیوں اور اس طرح کے دیگر مقامات پر نکاسی آب کے نظام اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے نالے تعمیر کرائیں اور وہاں رہنے والے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں۔وزیر اعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں آج سے صفائی کا کام شروع کردیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں۔کراچی میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں رپورٹس ملی ہیں کہ زیادہ تر ڈی ایم سیز کے منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ عملے نے مین سڑکوں اور مختلف مقامات پر جمع ہونے والے بارش کے پانی کی نکاسی میں حصہ لینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ایسے کیسز میں میونسپل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو استعمال کریں۔وزیر بلدیات نے وزیر اعلیٰ کومکمل صورتحال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دیگر وزرا کے ساتھ شدید بارشوں کے پہلے اور دوسرے روزبارش کے پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لینے کے لیے دورے کیے ۔



انہوں نے کہا کہضلع غربی میں یوسف گوٹھ بارش کے پانی کے باعث زیر آب آگیاتھا اوروہاں کے لوگوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ یوسف گوٹھ کے علاقے میں گئے اور جان بوجھ کر نالوں کو بلاک کیا جس کے باعث جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔اس پر وزیر اعلیٰ نے وزیر بلدیات اور ڈپٹی کمشنر ضلع غر بی کو مذموم عناصر جو ابھی تک حکومت کے لیے اوروہاں کے رہنے والے لوگوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کے لیے گندی سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں کے خلاف ایف آئی آر درج کراکے گرفتار کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ لٹھ بستی پر دیوار تعمیر کریں۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ کیتل کالونیمیں ٹیم بھیج کر سروے کرائیں تاکہ نکاسی آب کے نظام کی تعمیر شروع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نکاسی آب کے نظام کی تعمیر کے لیے اضافی فنڈز دوں گا۔



انہوں نے ڈی سی کو ہدایت کی کہ وہ وہاں پرجمع ہونے والے بارش کے پانی کو نکالنے کے انتظامات کریں۔وزیر اعلیٰ نیمحکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ موریا گوٹھ ،کھوکھرا پار،فیوچر موڑ پر نکاسی کے نظام کی دوبارہ تعمیر کریں۔وزیر اعلیٰ نے واٹر بورڈ کے 14 ہزار ملازمین کی کارکردگی کے بارے میں ایم ڈی سے کہا کہ یہ لوگ کیوں ناکام ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں نااہل اور فضول افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ تھڈو ڈیم کا معائنہ کریں اور اسے بہتر کریں۔اجلاس میں ڈی سی ساؤتھ اور چیئرمین ڈی ایم سی جنوبی کی بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا گیا۔