خوشحالی مائیکرو فنانس بینک اورڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کو سرسبز بنانے کی راہ پر گامزن

419
خوشحالی مائکرو فنانس بینک کے ملازمین کی ڈبلیو ڈبلیو ایف اور بینک کی مشترکہ شجر کاری مہم کے دوران لی گئی تصویر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرسبز پاکستان کے اپنے سفر کو جاری رکھتے ہوئے، خوشحالی مائیکرو فنانس بینک اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے مشتر کہ اشتراک سے ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی مہم ’ٹری -اے-تھون (Tree-A-Thon) کے دوسرے مرحلے میں2,000 پودے لگائے ۔ اس نوعیت کے اشتراک میں دونوں اداروں کا مقصد شجر کاری کی اہمیت اور با قاعدگی سے پودے لگا کر ماحول کو محفوظ بنانے کا پیغام اپنے ملازمین کے علاوہ وسیع پیمانے پر عام لو گوں تک پہنچانا ہے، یہ پیغام خوشحالی بینک کا عزم ہے۔شجر کاری مہم کے اس دوسرے مرحلے میں خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ 150 سے زائد ملازمین نے حصہ لیا ، شجرکاری اسلام آباد کے چمن میٹرو اسٹیشن کے ساتھ جی1/8- کی گرین بیلٹ پر کی گئی۔



اس موقع پر بینک کے مارکیٹنگ ہیڈ نبیل سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی یہ ماحول کے تحفظ کی مہم پاکستانیوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے عزم کا تسلسل ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ ہمارے اشتراک کا مقصد صرف شجرکاری نہیں بلکہ ان درختوں کی افزائش بھی ہے، شجرکاری اور طویل المیعاد نگہبانی کے ذریعے ہمارا مقصد کمیونٹیز کے لیے اہم اثاثوں کی تخلیق ہے،آج کی دنیا عالمی درجہ حرارت میں اضافے، پانی کی کمی اور بڑھتی آلودگی جیسے بہت سے ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہے ، ان مسائل کا ایک حل مزید شجرکاری ہے اور اس طرح کی مہم ماحول کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں،شجرکاری مہم کا پہلا مرحلہ مئی 2017 ء میں انجام پایا تھا جس میں خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی سینئر انتظامیہ اورڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے نمائندوں نے کچنار پارک میں شجرکاری کی تھی۔