لاہور(جسارت نیوز )قومی کرکٹرز رومان رئیس،شاداب اور محمد عامر ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ کے پہلے روز رپورٹ نہیں کرسکے ۔ رومان رئیس شادی کے بندھن کی وجہ سے کراچی میں ہیں جس کی وجہ سے وہ کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے اور وہ کل کیمپ میں شرکت کریں گے ۔ کرکٹرشاداب آج جوائن کریں گے جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر اپنی فیملی کی مصروفیت کی وجہ سے انگلینڈ میں مقیم ہیں ۔ورلڈ الیون اور پاکستان ٹیم کے درمیان آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس کی تیاریوں کے لئے قذافی اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا ہے ۔سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔مہمان ٹیم ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔