کراچی‘ گلشن حدید میں فورسز کی کارروائی ‘مغوی شخص بازیاب

243
کراچی: مقابلے کے بعد گرفتار اغوا کاروں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جارہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اے وی سی سی (سی آئی اے ) اور سی پی ایل سی نے کراچی کے علاقے گلشن حدید میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی شخص کو بازیاب کرالیا ۔مقابلے میں2اغوا کار ہلاک اور2زخمی ہوگئے۔ڈی آئی جی سی آئی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ مغوی مقصود فیروز کا تعلق کراچی کی بزنس فیملی سے ہے ، جو امریکا میں رہائش پزیر تھا اور 2ماہ قبل اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کے لیے کراچی آیا تھا ۔ 23 اگست کومقصود فیروزاپنے گھر کے قریبی علاقے سے اغوا ہوگیاتھا ،اغواکاروں نے رہائی کے عیوض 15 کروڑ روپے تاوان طلب کیا ۔ تاہم 12 کروڑ تاوان پر بات پکی ہوئی اورگزشتہ روز صبح گلشن حدید کے علاقے میں فورسز نے کارروائی کردی ۔ زخمی اغوا کاروں میں عبدالمالک جتوئی اور شہباز جتوئی شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت میاں داد چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے ۔



جائے واردات سے ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور متعدد موبائل فون برآمد کرلیے گئے ۔گرفتار اغوا کاروں کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے ہے ۔ ملزمان اقدام قتل اور اغوا کی دیگر وارداتوں میں بلوچستان پولیس کو مطلوب تھے ۔ دوسری کارروائی میں ایس آئی یو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کے بعد بیکریوں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث گروہ کے اہم کارندے شاہ حسین کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی سلمان موقع پر اپنی موٹر سائیکل اور موبائل فون چھوڑ کر فرار ہو گیا ، ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوا ۔ دوران تفتیش ملزم 100 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کر چکا ہے ۔ ملزم کا والد ایک حساس ادارے کا افسر ہے ۔