ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانا سب کی ذمے داری ہے‘ نجم سیٹھی

384
لاہور، انیپنڈنس کپ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر اسپانسر اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی موجود ہیں

لاہور (جسارت نیوز) پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین آئندہ ہفتے سے قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی آزادی کپ ٹی 20 کرکٹ سیریز کے’’ لوگو‘‘کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شاندار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی،ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی،نائلہ بھٹی ،بد ر رفاعی اور اسپانسرز بھی موجود تھے ۔تقریب رونمائی سے قبل شرکاء کو ویڈیو پر موجودہ و سابق قومی کرکٹرز کی طرف سے ورلڈ الیون کے دورے کے حق میں دیئے گئے بیانات کو دکھا یا گیا ،قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانا نہ صرف پی سی بی اور حکومت کی بلکہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے ۔ورلڈ الیون کا دورہ کامیاب ہوا تو پھر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی بھی ٹیمیں پاکستان آئیں گی ۔اس کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوجائے گی اور پھر ہم دنیا کے دیگر ممالک کے بورڈز سے بھی بات چیت کریں گے۔



انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے میچز کے انعقاد کیلئے بہت مشکلات تھیں، سکیورٹی ٹیم کو مطمئن کرنا بڑا چیلنج تھا، بین الاقوامی پلیئرز کی بہت سی ڈیمانڈز ہیں، کرکٹرز اور بورڈز کے مسائل رہے، ورلڈ الیون کیلئے مختصر وقت میں متوازن ٹیم بنانا تھی جس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کے صف اول کے پلیئرز شامل ہوں اور اللہ کے فضل سے ہمیں اس میں کامیابی ہوئی ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش کر رہے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ ورلڈ الیون کے 2 میچز وہاں کروائیں ، تاہم فی الحال عالمی پلیئرز وہاں کھیلنے کیلیے تیار نہیں ہیں ، انٹرنیشنل سکیورٹی ٹیموں کو کراچی کادورہ کروائیں گے اور انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے جس کے بعد کراچی میں پہلے پی ایس ایل کے اور پھر دیگر انٹرنیشنل میچز کروائیں گے،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آزادی کپ کے ٹکٹس کے معاملے میں کسی سے بھی زیادتی نہیں کر رہے۔500 روپے والے ٹکٹ تھوڑے ہیں تاہم اگر ہم نے اس ایونٹ میں بہت زیادہ نقصان کیا تو پھر آڈٹ اور گورننگ بورڈ والوں کو جواب دینا مشکل ہوجائے گا ۔



انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے خلاف ایونٹ میں منافع نہیں ہوگا تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ کم سے کم نقصان ہو ، اسپانسرز نے ہمیشہ پی سی بی کے ہر ایونٹ کیلئے بھرپور ساتھ دیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں، ٹاپ 4 ریجنز کی ٹیموں کیلئے بھی اسپانسرز تلاش کر رہے ہیں، ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کرکٹ کیلئے بہت بڑا قدم ہے، تنقید برائے تنقید نہ کی جائے، کچھ بھی کہنے یا لکھنے سے پہلے قومی مفاد کو مدنظر رکھا جائے۔ انجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان اور اس ایونٹ کی کامیابی سے مستقبل میں ملک میں مزید کرکٹ آئے گی۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ ہمیں دنیا کو پاکستان کا منفی نہیں بلکہ مثبت پہلو دکھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلے میچ کے لئے ٹکٹ لینے والوں کی تعداد اور جوش بہت زیادہ ہے، ٹکٹ خریدنے کے لئے ایک آدھ گھنٹہ انتظار کرنے میں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔



انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی اور کالجز کی گراؤنڈز پارکنگ کے لئے لی جارہی ہے تو انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ یہ سب ملکی مفاد میں ہورہا ہے اور ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے پی سی بی اور حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کرے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی ،مصباح الحق اور یونس خان کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں امید ہے کہ تینوں کرکٹرز آئیں گے ۔شاہد آفریدی اور مصباح الحق نے آنے کی حامی بھرلی ہے جبکہ یونس خان سے بھی بات ہوئی اور امید ہے کہ وہ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔عمران خان سمیت 15 سے 20 سابق کرکٹرز کو میچز دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے ؂۔خیال رہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔