لاہور (وقائع نگار خصوصی) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف اور پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر پاکستانیوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کے حوالے سے جماعت اسلامی کا احتساب مارچ آج داتا دربار لاہور سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں روانہ ہوگا۔ احتساب مارچ میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی۔ موجودہ فرسودہ نظام سے بیزار افراد، بچے، بوڑھے، نوجوان شاندار تاریخی مارچ کی کامیابی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں احتساب کے عمل کو بلا تفریق شروع کیا جائے۔ جماعت اسلامی کا احتساب مارچ قوم کے لیے ایک نوید ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ذمے داران و کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے پہلے اگر کسی نے کرپشن فری پاکستان کی بات کی ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے کیونکہ ہمارے پاس کرپشن سے پاک صاف ستھری قیادت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کوکرپشن سے پاک کرنے کے لیے کرپٹ عناصر کا قلع قمع کیا جائے۔
احتساب کا مطالبہ صرف وہی جماعت کرسکتی ہے جس کا اپنا دامن کرپشن سے پاک اور کردار بے داغ ہو۔ جماعت اسلامی نے اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھی عوامی خدمت کو اپنا وتیرہ بنایا۔ ہمارے کسی ایک نمائندے پر بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام نہیں۔ یہ ہمارا اور ہماری جماعت کا طرہ امتیاز ہے۔ جماعت اسلامی کے تربیت یافتہ کارکنان نے ہر مشکل گھڑی میں ملک وملت پر ناگہانی آفات اور سانحات میں شب وروز خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ ہمارے بدترین مخالف بھی ہمارے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کے وسائل سے مالامال بنایا ہے مگر کمی ہے تو صرف مخلص قیادت کی۔ آج پاکستان کے عوام کو صالح اور دیانتدار قیادت میسر آجائے تو ہم دنیا میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کے قانون کا نفاذ چاہتی ہے۔ پاکستان کے عوام ہمارا ساتھ دیں تو ہم ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔