کراچی پریس کلب میں اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیاگیا

479
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی آغا مقصود عباس کراچی پریس کلب میں اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کرتے ہوئے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)آغا مقصود عباس نے کہا ہے کہ آج کے دور میں میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنی فٹنس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ،کام کی مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنی جسمانی صحت پر زیادہ وقت نہیں دے پاتے،اب اس سہولت کی فراہمی سے ان کو اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے اچھا پلیٹ فارم میسر آجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب میں نو تعمیرشدہ اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آغا مقصود عباس نے صدر کراچی پریس کلب سراج احمد، سیکرٹری مقصود احمد یوسفی کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کی اور ربن کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔مہمان خصوصی کو صدر، سیکرٹری اور اسپورٹس کمیٹی کراچی پریس کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔اس موقع پریس کلب کے سابق صدر طاہر حسن خان، فاضل جمیلی، جوائنٹ سیکرٹری نعمت خان سمیت دیگر سینئر اراکین موجود تھے۔



آغا مقصود عباس نے کہا کہ فزیکل فٹنس بہت ضروری ہے، کراچی پریس کلب کی جانب سے کلب کے اندر فٹنس کے مواقع کی فراہمی بڑا کام ہے، میری یہ چھوٹی سی کوشش ہے ابھی بلڈنگ کا کام مکمل نہیں ہوا، مزید کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ا س موقع پر انہوں نے وزیر بلدیات سندھ جام خان شوروکی جانب سے کے پی سی اسپورٹس کمپلیکس کے لئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔پریس کلب کے سیکرٹری مقصود احمد یوسیفی نے کہا کہ ہم آغا مقصود عباس کے مشکور ہیں جنہوں نے ذاتی کاوش سے قلیل مدت میں کے پی سی اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرایا، کلب کے اراکین کے لئے یہ بہترین سہولت ہے اب اس کو کس طرح سے آگے لے کر چلنا ہے اس کے لئے کلب کی اسپورٹس کمیٹی اور سینئر اسپورٹس صحافی اپنی تجاویز اور اس کو بہتر طور پر آرگنائز کرنے کی پلاننگ کریں۔صدر کراچی پریس کلب سراج احمد نے خطاب میں کہاکہ آغامقصود عباس کی ذاتی کاوش کی وجہ سے ریکارڈ مدت میں بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہوئی ہے، جس پر میں تمام کلب اراکین کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا مشکور ہوں۔