نائٹ رائیڈرز نے سینٹ کٹس کو شکست دیکر کیربیئن پریمیئرلیگ جیت لیا

410
ٹرینیڈاڈ: سینٹ کٹس کو شکست دینے کے بعد نائٹ رائیڈرزکے کھلاڑی ٹرافی اٹھائے جشن مناتے ہوئے

ٹرینیڈاڈ (جسارت نیوز) ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے کیریبین پریمیئر لیگ 2017ء کا ٹائٹل جیت لیا۔ کیون کوپر نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کرس گیل کی سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس کو فائنل میں3 وکٹوں سے شکست کا سامنا، چیڈ وک والٹن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ کیون کوپر نے فائنل میں بولنگ کے شعبے میں 2 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ ناقابل شکست 29 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے لیگ کے فائنل میچ میں ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بناکر ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 136 رنز کا ہدف دیا۔



کرس گیل بدقسمتی سے محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، براتھویٹ نے ناقابل شکست 30 رنز بنائے۔ ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز کی طرف سے کیون کوپر اور سیرلس نے 2‘2 جبکہ بیٹن اور سنیل نارائن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا گیا۔ جواب میں ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کیریبین پریمیئر لیگ 2017ء کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کیون کوپر نے ناقابل شکست 29 رنز بنائے، منرو 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس کی طرف سے محمد حفیظ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیون کوپر نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اس عمدہ کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ چیڈ وک والٹن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔