عوام جماعت اسلامی کے احتساب مارچ میں بھرپور شرکت کریں‘ عارف شیرازی

288
راولپنڈی،جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے سکیرٹری جنرل بلال قدرس بٹ اور سید عارف شیرازی احتساب مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کرپشن فری پاکستان کے سلسلے میں احتساب مارچ آج لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پہنچے گا ۔اس موقع پررات کو 9 بجے سراج الحق وارث خان چوک مری روڈ پر عوام سے خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔درایں اثناجماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری بلال قدرت بٹ کی صدارت میں گزشتہ روز سید مودودیؒ بلڈنگ میں ایک اہم اجلاس ہوا ۔ جس میں امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان، نائب اُمرا شیخ مسعود احمد، سید عزیر حامد، رضوان احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں احتساب سب کا تحریک کے سلسلے میں آج لاہور سے آنے والے احتساب مارچ کے لیاقت باغ کے مقام پر استقبال اور وارث خان چوک مری روڈ پر خطاب کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی ۔



سید عارف شیرازی نے تیاریوں کے حوالے سے بریفننگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ لیاقت باغ چوک مری روڈ پر بڑا استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔ جس کے انتظامات اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی کے ذمہ ہوں گے۔سٹیج اور جلسہ گاہ کی سیکورٹی اور پارکنگ کے جملہ انتظامات جماعت اسلامی کے کارکنان کریں گے۔انتظامیہ سے بھی سیکورٹی اور دیگر ضروری امور کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار این اے 56 رضا احمد شاہ، امیدوار این اے 54 رضوان احمد، امیدوار پی پی 10 ظفر یاسین اور امیدوارپی پی 12 محمد حنیف چودھری سمیت دیگر امیدوار بھی اپنے اپنے حلقوں سے جلوس کی شکل میں آئیں گے۔اسی طرح جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر بختیار الحق کیانی کی قیادت میں بھی ایک بڑا جلوس جلسہ گاہ تک آئے گا۔