سیاسی جماعتیں عورتوں کو رسوا کررہی ہیں

106

سیاسی جماعتیں عورتوں کو رسوا کررہی ہیںیہ ملک جسے ہم نے اللہ کے نام پر حاصل کیا تھا، آج ہم اللہ تعالیٰ کی حدود پامال کررہے ہیں، ایک دوسرے کا مذاق اُڑا رہے ہیں، مذاق اُڑانا، استہزا کرنا‘ اللہ تعالیٰ نے ان سب چیزوں سے منع فرمایا ہے۔ مسلمان تو آپس میں بھائی بھائی ہیں، جب تم نے کلمہ پڑھ لیا تو تم ایک جسم کی مانند ہو۔ سیّدہ عائشہ صدیقہؓ نے سیّدہ صفیہ کا مذاق اڑایا تو آپؐ نے فرمایا:۔ ’’اے عائشہ تم نے وہ بات کہہ دی کہ اگر سمندر میں ڈال دی جائے تو سمندر کا پانی کڑوا ہوجائے‘‘۔
عمران خان کی پارٹی لوگ نواز شریف کی پارٹی کا مذاق اڑاتے ہیں اور نواز شریف کی پارٹی کے عمران خان کی پارٹی کا۔ اسلام اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ دوسروں کا مذاق اڑایا جائے اور انہیں رسوا کیا جائے۔ اسلام اس بات کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ عورتوں کو سرے عام لایا جائے اور ان کی عزتوں کو اس طرح اُچھالا جائے۔ آج جس طرح ٹی وی پر ہماری بیٹیوں کو ساری دنیا دیکھ رہی ہے کیا ہم مسلمان ہیں؟ یہ سوچ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ دل اس بات پر پریشان ہے کہ ہمارے سیاستدان ملک کے دشمنوں کو خوش کرتے ہیں، کوئی انہیں بتائے کہ یہ اقتدار، یہ کرسی سب کچھ یہیں رہ جائے گا، کیا تم کو موت نہیں آئے گی، اللہ سے ڈرو اور آخرت کی تیاری کرو، جو نعمتیں اللہ نے اس دنیا میں عطا کی ہیں وہ یہیں چھوڑ کر جانا ہے۔ جب انسان مرجاتا ہے تو اس کے جنازے کے ساتھ تین چیزیں جاتی ہیں، رشتے دار، مال اور عمل۔ چیزیں دنیا میں رہ جاتی ہیں اور صرف عمل ساتھ جاتا ہے۔ جو بھی اچھے کام کرتا ہے اللہ اسے دنیا میں بھی عطا فرماتا ہے اور آخرت میں بھی۔
عشرت جہاں صدیقی، ناظم آباد کراچی