ہاکس بے پر ڈوبنے والے 12افراد سپرد خک‘ رقت آمیز مناظر

615
کراچی: ہاکس بے میں ڈوب کر جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے‘ نیچے تصویر میں میتیں ایمبولیس سے تدفین کے لیے لے جائی جارہی ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہفتے کو سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 12افراد کی اتوارکو آہوں اور سسکیوں میں تدفین کردی گئی‘ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی‘ ۱یدھی سردخانے سے میتیں گھر پہنچے پر محلے میں کہرام مچ گیا‘ لواحقین ایک دوسرے کے گلے لگ کر رو رہے تھے‘نمازجنازہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسداللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان، میئر کراچی وسیم اختر، زاہد عسکری، عارف علوی کے علاوہ دیگرسیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 12افراد کی اتوارکو تدفین کردی گئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان، سکریٹری ضلع محمد یوسف اور دیگر نے ہاکس بے پر ڈوب کر لقمہ اجل بن جانے والے افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔



جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے متاثرہ خاندان سے دلی اظہار ہمدردی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ نماز جنازہ میں میئر کراچی وسیم اختر، پاک سرزمین پارٹی کراچی کے صدرآصف حسنین، تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سمیت اہل علاقہ اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی‘جاں بحق11افراد آمنہ طاہر، ایمان ناصر، پروین اسلم، صغراں بی بی، اقرا، سعود، طلحہ، آصف، علی عباد، عمیر اور حمزہ کی نماز جنازہ نارتھ ناظم آباد سیکٹر9 باب الاسلام مسجد سے متصل گراؤنڈ میں بعد نمازظہر جبکہ ڈوبنے والے ایک نوجوان 35 سالہ عاطف کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ناظم آباد نمبر4 میں ادا کی گئی۔