فلوریڈا ’ طوفان سے 33لاکھ عمارتیں بجلی سے محروم

251
تالاہاسی: ارما طوفان کے امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے کے باعث میامی شہر کی سڑکیں سمندر کا منظر پیش کررہی ہیں‘ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کا کھمبا گر گیا ہے

تالاہاسی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں سے ارما طوفان ٹکرانے کے بعد میامی سمیت کئی شہر اور قصبات زیر آب آ گئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ طوفان اتوار کی صبح ریاست فلوریڈا کے جنوبی علاقوں سے ٹکرایا۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 5افراد ہلاک ہوچکے ہیں، 33 لاکھ مکانات اور تجارتی مراکز بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، جب کہ مادی نقصانات کی مالیت اربوں ڈالر بتائی جارہی ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق اتوار کی صبح جب یہ طوفان فلوریڈا کے جنوبی حصے سے ٹکرایا، تو اس کی شدت درجہ 4 کے طوفان کی تھی، جو خطرناک طوفانوں میں دوسرے نمبر پر آتی ہے، تاہم اتوار کی سہ پہر یہ طوفان ریاست کے مغربی علاقوں کی جانب مڑا، تو اس کی شدت درجہ 2 کی ہوچکی تھی اور اس کے ساتھ آنے والی ہواؤں کی رفتار 177 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ گئی تھی۔



اتوار کے روز فلوریڈا کے جنوبی حصوں سے ٹکراتے وقت ان ہواؤں کی رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جس کے باعث 3 بلند اور بھاری تعمیراتی کرنیں بھی گر گئیں۔ میامی میں ہزاروں درخت اور کھمبے اکھڑ گئے، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا اور میامی کی گلیاں زیر آب آ گئیں۔ اے ایف پی کے مطابق طوفان کے باعث میامی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث ائرپورٹ انتظامیہ نے رات گئے اعلان کیا کہ پیر کے روز سے ہوائی اڈا تمام تر سفری سرگرمیوں کے لیے بند رہے گا، جب کہ اسے منگل کے روز جزوی طور پر انتہائی کم پیمانے پر کھولا جائے گا۔ ارما کی آمد سے قبل اولانڈو ائرپورٹ کو بھی ہفتے کے روز بند کردیا گیا تھا، جو طوفان کے گزرنے تک بند رہے گا۔ امریکا سے ٹکرانے سے قبل اس طوفان نے کریبیین کے علاقے میں اور خاص کر کیوبا میں بھی بہت زیادہ تباہی مچائی تھی۔ کیوبا میں اس طوفان کے ساتھ ساحل سے 36 فٹ تک بلند لہریں ٹکراتی رہیں۔ اس کے نتیجے میں کیوبا میں 10افراد سمیت کیریبین میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔