سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی 4 ریاستیں ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں، جس کے تحت غیرقانونی تارکین وطن بچوں کو پناہ فراہم کرنے کا پروگرام ختم کیا جا رہا ہے۔ اس حکومتی فیصلے سے 8 لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کے روز ریاست کیلیفورنیا نے ایک اپیل دائر کی ہے، جس میں ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کو وفاقی عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے، جس میں ’خواب دیکھنے والوں کا پروگرام‘ کے نام سے معروف ’ڈی اے سی اے‘ ختم کر دیا گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے ساتھ اس اپیل میں میری لینڈ، مینیسوٹا اور میئن ریاستیں بھی شریک ہوگئی ہیں۔
کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل ایکسوائر بیسرا نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام سے بچوں کے طور پر امریکا میں داخل ہونے والے قانونی تحفظ سے محروم ہو گئے ہیں۔ ورک پرمٹ نہ ملنے سے ان کے لیے اقتصادی مسائل پیدا ہوں گے۔ کیلیفورنیا سب سے گنجان آباد ریاست ہے، جو اپنی معیشت کے لیے زیادہ تر غیر ملکی مزوروں پر انحصار کرتی ہے۔