علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہوا جاسکتا ہے‘ عنایت اللہ

188
نوشہرہ،سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان اقراء ایجوکیشن سسٹم کے تحت تقریب سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ تعلیم پر خرچ کرنا مستقبل کی سرمایہ کاری ہوتی ہے، اس لیے موجودہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم تعلیم کے لیے مختص کی ہے۔ حکومتوں کی تبدیلی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ جن ممالک کی لائبریریاں اور لیبارٹریاں آباد ہیں وہ دنیا پر حکمرانی کررہے ہیں۔ جب تک ہمارے پاس علم اور ٹیکنالوجی نہیں ہوگی نہ ہم بحرانوں سے نکل سکتے ہیں اور نہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے چالیس ہزار اساتذہ بھرتی کیے ہیں، این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی سے تعلیم کے شعبے میں بہتری آئی ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کا فروغ تعلیم میں اہم کردار ہے اور یہ حکومت کے پارٹنرز ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت ہے۔ وہ اقرا ایجوکشن سسٹم کے تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کررہے تھے۔



تقریب سے اقرا ایجوکشن سسٹم کے ڈائریکٹر یوسف رحمن، پرنسپل اقرا کالج جہانگیرہ عبداللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بچوں نے پریڈ، خاکے، نظمیں اور تقاریر پیش کیں۔ تقریب میں سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے۔ عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حصول کے لیے معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج کے طالب علم کل قوم کے رہنما ہوں گے، اس لیے تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے کے لیے موجودہ حکومت شعبہ تعلیم پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہی ہے۔ معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور طالب علم کو نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں آگے لے جانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چالیس ہزار اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں۔ اسکولز میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور شعبہ تعلیم میں بھرتیاں میرٹ پر کرانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔