نیشنل بینک کے صدر کا گوادر چیمبر آف کامرس کا دورہ

551
صدرنیشنل بینک سعید احمد کا گوادر چیمبر آف کامرس کے اراکین استقبال کر رہے ہیں

گوادر(کامرس نیوز)نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے گوادر ریجن کا دورہ کیا اور سی پیک کے تناظر میں کاروباری سرگرمیوں پر اسٹریٹجک توجہ اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے فعال کردار کی ادائیگی کے لیے مواقع کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں ممتاز کاروباری حضرات سے ملاقات کی اور گوادر چیمبر آف کامرس کے اراکین سے بھی خطاب کیا۔ نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ملک کے معاشی مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے گوادر تیزی سے ابھر رہا ہے اور علاقہ میں اہم مقام رکھتا ہے۔ گوادار کے دورے کے دوران این بی پی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرنے ایک ٹاؤن ہال میٹنگ سے بھی خطاب کیا جس میں ریجن کی تمام شاخوں کے منیجرز اور دیگر مقامی سینئرایگزیکٹوزنے شرکت کی۔ ریجن میں یہ این بی پی کے کسی بھی صدر کا پہلا دورہ تھا جس پر کاروباری کمیونٹی اور عملے نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔



نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے زور دے کر کہا کہ گوادر ریجن میں این بی پی کے ملازمین کو ماہی گیری ، زراعت اور دیگر شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے لازماً کوشش کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہی گیری کی سہولتوں میں اضافہ کر کے اور ماہی گیروں ، کھجوروں کے کاشتکاروں اور دیگر سیکٹرزکومالی اعانت فراہم کر کے ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے غیر ملکی زر مبادلہ میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔نیشنل بینک آف پاکستان گوادر میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم پر بہت توجہ دیتا ہے۔ اس اسکیم سے گواد ر کے بے روزگار اور کم مراعات یافتہ نوجوانوں کو معاشی ترقی میں مدد فراہم ہو گی ۔نیشنل بینک مقامی آبادی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے کہا کہ گوادر میں رہائش پذیر قابل اور مستحق امید واروں کو نیشنل بینک میں ملازمت کے لیے ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ علاقہ کی خدمت کر سکیں



۔ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران عملے سے خطاب کر تے ہوئے نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے کہا،’’ملازمین کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور تمام فیصلے قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر کیے جائیں گے ۔ہمارا مشن ہے کہ ہم پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم اور اسلامی بینکاری کو گوادر میں فروغ دیں۔ ہم نیشنل بینک کی تمام شاخوں کو اعانت فراہم کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں تاکہ وہ اس ہدف کے حصول میں فعال کردار ادا کرسکے۔‘‘نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے گوادر چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ قابل عمل رپورٹیں جمع کرائیں تاکہ انہیں نیشنل بینک کی جانب سے مالی اعانت فراہم کی جا سکے۔ نیشنل بینک گوادر کی مدد کے لیے فعال کردار ادا کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے تاکہ وہ اپنی گنجائش کے مطابق زیادہ سے زیادہ معاشی ترقی کر سکے۔