سدرہ اقبال سرینہ ہوٹل کے رابطہ کی ایڈوائزر مقرر 

327

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ٹیلی ویژن کی معروف جرنلسٹ اورپاکستان کی ترقی کے لیے جذبہ رکھنے والی کارکن سدرہ اقبال کو سرینہ ہوٹل کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات “رابطہ”کی لیڈ کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا۔ سدرہ اقبال ماضی میں بھی پاکستان کی ترقی سے متعلق بے شمار ڈیولپمنٹ پروگرامزکا حصہ رہ چکی ہیں، جس کا مقصد معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے، جبکہ اس کے علاوہ سدرہ اقبال نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے والی معروف کمیونٹی آرگنائزیشن کے رواں سال 12اگست کو انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر متعارف کرائے گئے پروگرام “عزم نوجوان”کی بھی ایڈوائزر ہیں۔اس موقع پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے سدرہ اقبال کا کہنا تھا کہ “رابطہ”کو بنانا اور اس اقدام کو آگے بڑھانا میرے لیے باعث افتخار ہے، لفظ “رابطہ”واقعی اس بات کی ترجمانی کرتا ہے کہ یہ”لوگوں کے درمیان پل “کا کردار ادا کرتاہے،



یہ فورم ا س بات کا عکاس ہے کہ لوگوں کو ان کے پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے باہمی مذاکرات کا راستہ فراہم کرتاہے، ثقافت، معیشت اور مستقبل کا فروغ اس فورم کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں ، ہمارا مقصدعوامی حلقوں میں موقع کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کرکے تعلیم ، معیشت اور ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ “رابطہ”کو متعارف کرانے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، اور اس کی باقاعدہ تعارفی تقریب کا اہتمام جمعرات 14ستمبر کو اسلام آباد کے سیرینہ ہوٹل میں کیا جائے گا، تعارفی تقریب میں ایک پینل ڈسکشن بعنوان ‘ثقافت، اکانومی، اور مستقبل میں کل کا پاکستان”رکھا جائے گا، اس پینل ڈسکشن کی میزبانی سدرہ اقبال کریں گی، پینل میں معروف اسپیکرز موجودہ وقت میں معاشی ترقی کے رجحانات ،عوامی سطح پر سفارتی عمل کا کردار اورمذاکرات کے نتائج سمیت دیگر اہم موضوعات پر سیر حاصل بحث کریں گے۔