سعودی وزارت دفاع پر بڑے حملے کا منصوبہ ناکام

304
ریاض: وہ مکان جہاں سے داعش کے مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا‘ چھوٹی تصویر جیکٹ سے برآمد ہونے والے بارود کی ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت ریاض میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر پر حملوں کی خطرناک سازش ناکام بناتے ہوئے کئی مقامی اور غیرملکی دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے بارودی جیکٹس اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شدت پسند تنظیم داعش کے یمن سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں احمد یاسر الکلدی اور عمار علی محمد کو دہشت گردی کی کارروائی سے قبل گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے 2 سعودی شہریوں کو بھی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں حراست میں لیا ہے تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔



ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 بارودی جیکٹس برآمد کی گئی ہیں جن میں 7، 7 کلو گرام بارود بھرا گیا تھا۔