ایس ایس جی سی نے گیس چوروں کے خلاف کارروائی تیز کردی

458
ایس ایس جی سی کی ٹیم غیر قانونی گیس کنکشن منقطع کر رہی ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سوئی سدرن نے گیس چوروں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر گیس چوری کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔ جن کے خلاف قانونی ضروریات پوری کرنے کے بعدکیس درج کیا جائے گا۔ ایس ایس جی سی کاؤنٹر گیس تھیفٹ ٹیم نے ایس ایس جی سی پولیس اور سندھ رینجرز کی مدد سے کراچی کے لیاری والے علاقے میں چھاپہ مارا جہاں پرچوری کی گیس سے چمڑا سازی۔ واشنگ ورکس اور پاور جنریشن کے لیے گیس چوری کی جا رہی تھی۔ایس ایس جی سی کی مخصوص پولیس فورس نے گیس چوری کے الزام میں حسین اور ہارون نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ جن کے خلاف کیس داخل کیا جا رہا ہے۔



جبکہ ایس ایس جی سی کی چھاپہ مار ٹیم نے سہراب گوٹھ کے علاقے نور گوٹھ میں4 ریگولیٹر میں ٹیمپرنگ کر کے ہائی پریشر گیس استعمال کی جا رہی تھی۔ جس سے کولڈ ڈرنکس ،جوس اور اچار بنانے والی فیکٹری چلائی جا رہی تھی۔ ریگولیٹر ٹیمپرنگ کے الزام میں محمد مقیم نامی ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ چوری والی گیس لائن کو منقطع کردیا۔ چوری شدہ گیس سے کمپنی کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہو رہا تھا۔ایس ایس جی سی نے گیس چوری کے واقعات کے خلاف کارروائی کے عزم کو دہرایا ہے، اس حوالے سے ضرورت پڑنے پر ایس ایس جی سی کی چھاپہ مارٹیموں سندھ رینجرز کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں واضح رہے کہ یہ کارروائی قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے( گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری) ایکٹ2016ء تحت کی جارہی ہے۔ جس کے تحت گیس چوری یوٹیلیٹی عدالتیں بھی قاعم کی جا رہی ہیں۔