انقرہ (صباح نیوز) ترک قیادت نے افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی بھر پور حمایت کے عزم کو دہراتے ہو ئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے۔ منگل کے روز وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ترک صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کی ۔اس موقع پر ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات دیرینہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں 60ہزار پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خلاف قیمتی جانیں گنوائیں،عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے۔ افغانستان کے معاملے پر ترکی پاکستان کی بھر پور حمایت کرتا ہے ۔
ترک وزیر اعظم نے خواجہ آصف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں خطے کی صورتحال پاک ترکی تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ترک وزیراعظم کو خطے اور خصوصاًافغانستان کی صورتحال سے متعلق بتایا ۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک ترکی تعلقات کو مزید مربوط بنانے اور مستقبل قریب میں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ترک صدر سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال اور مختلف بین الاقوامی امور پر بات ہوئی۔ ملاقات میں ترک وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر ترک قیادت نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔