ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناناہوگا‘وزیراعظم 

352
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی درآمدات اور برآمدات سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی‘صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گوجرانوالہ ڈویژن کے ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی سے وزیراعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اوردیگراہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سماجی و اقتصادی انقلاب برپا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پاکستان بہت جلدخوشحال اور ترقی یافتہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ارکان پارلیمان کو عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے اور ان کے مسائل حل کرنے چاہییں۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر، وزیر قومی صحت خدمات سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت قانون و انصاف عثمان ابراہیم، جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ، زاہد حامداوردیگراراکین شامل تھے۔



.اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاک امریکا تعلقات افغان صورتحال سے مشروط نہیں ہونے چاہییں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استطاعت سے بڑھ کر کردار ادا کیا، دہشت گردوں کی موجودہ قیادت افغانستان میں روپوش ہے، افغانستان کو مدد دینے کے لیے تیار ہیں تاہم اسے اپنے معاملات خود حل کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان سے زیادہ اور کوئی امن کا خواہاں نہیں ہے۔ہم نے بساط سے بڑھ کر کام کیا ہے، افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔ پاکستان میں جمہوریت کو موقع ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاشی اور سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ چیزیں بہتر ہو جائیں گی ۔