کراچی اور راولپنڈی میں ٹریفک حادثات‘ 21افراد جاں بحق‘ 7زخمی

394
کراچی: لنک روڈ پر حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں جناح اسپتال میں رکھی ہیں

کراچی/ راولپنڈی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت) راولپنڈی اور کراچی میں ٹریفک حادثات میں 21 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے، خاتون اوراس کے 2 بیٹے بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود ملیر لنک روڈ پر پک اپ اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں پک اپ میں سوار خاتون اس کے 2بیٹوں اور پک اپ ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے، حادثہ لنک روڈ پر پڑ ے گڑھے کی وجہ سے پیش آیا۔ منگل کی صبح 5 بجکر 30منٹ پر کاٹھور موڑ جانے والی تیز رفتار پک اپ نمبر KS۔8327 اچانک سڑک پر موجود گڑھے سے بچنے کی کوشش میں سامنے سے آنے والے ٹرالر نمبر JU9825 سے ٹکرا گئی ،حادثہ اتنا شدید تھا کہ پک اپ کے پر خچے اڑ گئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گاڑی کی باڈی کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 2افراد کو شدید زخمی حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا،



ایس ایچ او مجتبیٰ باجوہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کی شناخت 12 سالہ نعمان ولد شمس الدین اور 5سالہ معید ولد شمس الدین کے نام سے ہوئی جو کہ آپس میں بھائی تھے اور ان کی ماں 30 سالہ ساجدہ زوجہ شمس الدین بھی دوران علاج چل بسی، جبکہ ایک لڑکی کی شناخت 23سالہ صائقہ دختر نثار احمد کے نام سے کی گئی، پک اپ کے جاں بحق ڈرائیور کی شناخت 50سالہ عبدالمالک ولد قربان علی اور دیگر 2افراد کی شناخت محمد صدیق اور گل بیگ ولد میوہ خان کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق متوفین اور زخمیوں کا تعلق اندرون سندھ سے تھا جو کہ مختلف بسوں کے ذریعے منگل کی صبح کراچی کاٹھور پہنچے تھے جہاں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر چلنے والی پک اپ سے اسٹیل ٹاؤن ،گھگر پھاٹک سمیت دیگر مقامات پر جانا تھا کہ لنک روڈ پر حادثہ ہو گیا۔



پولیس نے ٹرالرکو تحویل میں لیکر ٹرالر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ ٹرالر کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لنک روڈ مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے کافی بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں اور کئی بار جان لیوا حادثات ہوچکے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو متعدد بار مطلع کیا لیکن ان کے کان پر جوں بھی نہیں رینگتی ہے ۔علاوہ ازیں منگل کی صبح جھنگ سے راولپنڈی آنے والی مسافر وین کو چکری انٹر چینج کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔موٹر وے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجہ میں 14مسافر جل کر جاں بحق ہوئے جبکہ 5 جھلس کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔



جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال سے ڈی این اے نہ ہونے کے باعث سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جہاں پر جاں بحق ہونے والے افراد کی ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد شناخت ہوسکے گی۔مزید برآں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کراچی اور راولپنڈی میں حادثات میں 21 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔