سندھ میں جامعات کا نظام بہتر بنانااولین ترجیح ہے‘ محمد حسین سید

595

کراچی (رپورٹ : محمد انور) سندھ کے سیکرٹری یونیورسٹیز، بورڈ ز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن محمد حسین سید نے کہا ہے کہ سندھ میں جامعات کا نظام بہتر بنانا اولین ترجیح ہے‘ ملکی ترقی کے لیے اعلیٰ تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا‘ طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی مزید سہولیات کے لیے بھی جلد اقدامات کیے جائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تعلیم اور تعلیمی اداروں کا معیار جنگی بنیادوں کے تحت بین الاقوامی سطح کے مطابق لانے کی کوششیں بھی شروع کی جاچکی ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد نمائندہ روزنامہ جسارت سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یاد رہے کہ حکومت نے11ستمبر کو گریڈ21 کے افسر محمد حسین سید کا چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی خالی اسامی پر تقرر کیا ہے‘ محمد حسین سید کو اس اہم اسامی کے ساتھ سیکرٹری ہائر ایجو کیشن کمیشن کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے ۔



محمد حسین سید اس سے قبل بھی سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری پلاننگ و منصوبہ بندی، سیکرٹری ٹو گورنر سندھ، کراچی اور حیدرآباد کے کمشنرز، ڈی سی او اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کی اہم اسامیوں پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔ محمد حسین سید نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ صوبے کے تمام معاملات میں بہتری کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہیں ہیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں‘ سندھ کی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں‘ حکومت نے اسی جذبے سے صوبے کے تمام کالجوں میں طالب علموں کی ہر طرح کی فیس ختم کردی ہے جس پر عمل درآمد نئے تعلیمی سیشن سے شروع ہوجائے گا۔



محمد حسین سید نے بتایا ہے کہ یونیورسٹیز میں طالب علموں اوراساتذہ کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہوگا‘ حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں کے ماحول کو بھی مزید معیاری بنایا جائے‘ طلبا و طالبات کو ٹرانسپورٹ کی مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ محمد حسین سید نے بتایا کہ وہ خود جامعات کے امور کا جائزہ لینے کے لیے یونیورسٹیز کے دورے بھی کریں گے جبکہ اساتذہ اور ان کی انجمنوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کرکے درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے سے معلومات حاصل کریں گے‘ جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹیز کے حوالے سے مالی مشکلات کا انہیں علم ہے جسے دور کرنے کے لیے اقدامات کییجائیں گے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں عوام تعلیمی اداروں کے حوالے سے مثبت تبدیلیاں دیکھ سکیں گے جس کی شروعات کی جاچکی ہیں‘ تعلیم اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے طلبہ کے ساتھ اساتذہ کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔