احتساب کے نام پر بننے والے ادارے چوروں کے محافظ ہیں‘ شمس الرحمن سواتی

305

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ کرپشن نے ہماری دھرتی کے بچوں کے منہ سے نوالا تک چھین لیا ہے، ایک طرف شاہی خاندان وکرپٹ اشرافیہ کے گھوڑے اور کتے بھی مربے کھاتے اور ائر کنڈیشنڈ کمروں میں رہتے ہیں جبکہ دوسری طرف ہر تیسرا پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، پھول جیسے پیارے بچے ہمیں گندگی کے ڈھیر سے رزق تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔ یہاں کرپشن کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے سوا کسی نے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ 1996ء سے جاری کرپشن کے خلاف ہماری تحریک اب بچے بچے کی زبان پر ہے لیکن احتساب کے نام پر بننے والے ادارے خود کرپشن کی گندگی میں لتھڑے ہیں۔



نیب جیسا ادارہ پلی بارگین کے نام پر چوروں کو تحفظ دیتا ہے اگرکرپٹ اشرافیہ نے اپنی روش نہ بدلی تو غریب کی جھونپڑی سے نکلنے والا انقلاب ان کے محلات کو زمین بوس کردے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 8 کے قائم مقام امیر ملک اظہر اعوان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ کارکنان عوام کے دروازوں اور دلوں پر دستک دیں اور انہیں اس بات پر آمادہ کریں کہ اقتدار کی مسند لٹیروں اور بددیانت لیڈروں کے بجائے صادق اور امین، دیانتدار قیادت کو سونپیں تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں قائداعظم کا اسلامی اور خوشحال پاکستان بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے رول ماڈل مدینہ جیسی اسلامی ریاست ہے، جہاں عدل وانصاف اور سرمایے کی درست تقسیم کے باعث امن اور خوشحالی تھی۔