اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اہل موریاں و تمن نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ مال کے عملے کیخلاف زبردستی ان کی آبائی زمینوں کو خالی کروانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پولیس، انتظامیہ اور محکمہ مال کے عملے کے درمیان تصادم کی فضا پیدا ہوگئی۔ اس صورتحال میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے موقع پر پہنچ کر اہل علاقہ موریاں اور تمن کے رہائشیوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کروا کر احتجاجی مظاہرہ ختم کروایا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ اہالیان موریاں و تمن کی مرضی کے بغیر ان کی آبائی زمینوں پر کسی ادارے یا فاؤنڈیشن کو زبردستی قبضہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اہل علاقہ صدیوں سے اس زمین پر آباد ہیں ان کے ساتھ زبردستی اور پولیس کے ذریعے زمینیں خالی کرانا تصادم مول لینے کے مترادف ہے۔ امید کرتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ اس ساری صورتحال میں حق اور سچ پر مبنی فیصلہ دے گی، جس سے کشیدگی کی اس فضا کو ختم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس اہل علاقہ کے ساتھ مسائل کو بات چیت اور ان کی مرضی اور منشا کے مطابق حل کریں، تاکہ کسی بڑے حادثے اور جانی نقصان سے بچا جاسکے۔