کابل(صباح نیوز)افغان میڈیا کے مطابق کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خود کش بمبار نے سیکورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں3افراد ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔ جس وقت دھماکا ہوا اس وقت اسٹیڈیم میں شپگ گیزا کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کو نقصان نہیں پہنچا۔افغان سیکورٹی فورسز کے مطابق اہلکار نے اپنی جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے روکا جہاں ہزاروں ۔افراد موجود تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق دھماکے کے بعد میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔
سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے کابل میں موجود ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹرعبدالرزاق نے افغان کرکٹ لیگ سے معاہدہ کیا ہے اور وہ ایک لاکھ امریکی ڈالرکی سیکورٹی ضمانت پر لیگ میں شرکت کے لیے گزشتہ جمعرات کو کابل روانہ ہوئے تھے۔