نواز شریف حق مانگ رہے ہیں اقتدار نہیں‘ ملک کا مستقبل عزیز ہے‘ ن لیگ

403
راولپنڈی: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کررہی ہیں

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور(صباح نیوز+آن لائن+نمائندہ جسارت)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چود ھری نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی فیور نہیں چاہیے،نوازشریف اپنا حق مانگ رہے ہیں،عوام اور پارلیمنٹ کی رائے سب سے مقدم ہے،انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے درخواست عدالت لائے ہیں،ہمارے سوالات بہت واضح ہیں جو صرف شریف خاندان تک نہیں ہیں، ایک دہشت گرد کو بھی اپیل کا حق ہوتا ہے،کیا نواز شریف کو اپیل کا حق نہیں۔بدھ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی اشتہاری کے کہنے پر وزیراعظم نااہل ہوسکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار نہیں پاکستان کا مستقبل عزیز ہے۔ طلال چود ھری نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کو انگریزی میں اپنا نام لکھنا تک نہیں آتا،انہیں انگریزی میں رٹ بناکر کون دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نا اہلی کے فیصلے پر سب حیران ہوئے۔



انہوں نے مزید کہا کہ کیا ماضی میں کسی وزیراعظم کو اس طرح نا اہل کیا گیا؟،آئین کروڑوں پاکستانیوں کوشفاف ٹرائل اور اپیل کا حق دیتا ہے، اس حق کو منتخب وزیراعظم سے کیوں چھینا گیا؟۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور قانون دانوں نے نا اہلی کا فیصلہ مسترد کیا، اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے ٹھیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا نوازشریف اپنا حق مانگ رہے ہیں یہ کوئی ضد نہیں ہے۔ دوسری جانبجمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی سے مسلم لیگ( ن) کی رہنما مریم نواز نے ان کی گارڈن ٹاؤن رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کے ساتھ بیگم نواز کی حلقہ این اے 120میں حمایت کی اپیل کی اور انہیں جے یو پی کا دوبارہ مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔



اس موقع پر مریم نواز نے جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی اور انتخابی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر مریم نواز نے حلقہ این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی غیر مشروط حمایت پر پیر اعجاز ہاشمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام شریف فیملی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثا ر علی خان کی وہ عزت کرتی ہیں،ان کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے ان کے سیاسی مخالفین سرکاری وسائل کے استعمال کاالزام عائد کرکے بہانہ بنانے کے بجائے سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔



علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشر یات مریم اورنگزیب نے راولپنڈی پریس کلب میں میڈیا ورکرز ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی کے بل کی منظوری کے بعد صحافیوں کے تحفظ کا بل بھی جلد پارلیمنٹ سے منظور کرا لیا جائے گا، صحافیوں پر بھی لازم ہے کہ حقیقت پر مبنی صحافت کریں،معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت کسی بھی ادارے کی معلومات 10روزکے اندر حاصل کی جاسکیں گی،اس قانون کو فوری نافذ کرنے کے لیے تمام اقدامات بل میں موجود ہیں۔