پاکستان اور ورلڈ الیون جیت کے لیے پرعزم‘ آزادی کپ کا فائنل معرکہ آج ہوگا

674
لاہور: کپتان ورلڈ الیون فاف ڈوپلیسی اور قومی قائد سرفراز احمد آزادی کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں ٹرافی اٹھائے پوز دیتے ہوئے 

لاہور(وزیرعلی قادری)پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین آزادی کپ کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائیگا۔3میچوں کی سیریز 1-1سے برابر ہے ،میچ پاکستان وقت کے مطابق رات7بجے شروع ہو گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ورلڈ الیون کی شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ورلڈ الیون نے پاکستان کو7وکٹوں سے شکست دی تھی۔اس موقع پر فاف ڈوپلیسی نے کہاکہ آج کا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کریں گے۔ جس طرح دوسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا وہی حکمت عملی آج کے میچ میں بھی اپنائی جائے گی۔ ہمارے کھلاڑی مکمل طورپر فٹ اور جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ جبکہ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ دوسرے میں میچ شکست کے بعد خامیوں کو دور کرلیا ہے۔ آج ہونے والے میچ میں بھرپور طریقے سے کھیل پیش کریں گے ۔ آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے کے لیے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ۔



دوسری طرف چیئر مین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ آج فیصلہ کن مرحلہ ہو گا، فری پاسز کی خواہش رکھنے والے ان سے رابطہ نہ کریں۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعدچیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فری پاسز اب ختم ہوگئے ہیں ،مجھ سے اب اس حوالے سے کوئی امید نہ رکھی جائے ،جس نے بھی میچ دیکھناہے وہ اپنی ٹکٹ پنجاب بینک سے لے کر آئے۔نجم سیٹھی کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سیریز کاآخری میچ فائنل بن گیا ، اس سے قبل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں کوئی بھی فائنل میچ نہیں ہے ،جس نے بھی میچز دیکھنے ہیں وہ 3 میں سے کسی بھی میچ کی ٹکٹ لے سکتا ہے ۔لیکن سیریز ڈراہونے کی وجہ سے آخر ی میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔15ستمبر اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس دن اپنے سٹار پلئیرز،شاہد خان آفریدی ،مصباح الحق اوریونس خان کوایک گرینڈ فئیرویل بھی دے رہا ہے۔



فائنل معرکے دیکھنے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آزادی کپ کا تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان بطور سیاستدان نہیں بلکہ بطور ایک سابق کرکٹر میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم جائیں گے جب کہ پارٹی کے سینئر رہنما بھی ہمراہ ہوں گے۔فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے آج کوئی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے جب کہ عثمان شنواری کی جگہ حسن علی ممکنہ طورپر آج ٹیم میں شامل ہوں گے۔ جب کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ کے تیسرے میچ میں بھی ان ایکشن نہیں ہوں گے ۔محمد عامر بیٹی کی پیدائش کے باعث ورلڈ الیون کیخلاف پہلے 2 میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے اور تیسرے مقابلے میں ایک دن کا وقفہ آنے کے باعث اس بات کی امید پیدا ہوگئی تھی کہ فاسٹ بولر شاید برطانیہ سے واپس آکر ٹیم کو جوائن کرلیں۔ذرائع نے اب اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد عامر اب بھی اپنی بیٹی اوراہلیہ کے پاس لندن میں ہی موجود ہیں اور ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کے تیسرے میچ بھی شرکت نہیں کریں گے ۔