پولیو کے قطرے پینے سے کوئی بچہ محروم نہ رہے،کمشنر کراچی

435
کمشنر کراچی اعجاز احمد خان انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا ۔ فیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو کی کوششوں کو موثر بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں گے اور ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔والدین کو پابند کیا جائے گا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، پولیو کے قطرے پلانے کا مقصد ان کے بچوں کے مستقبل اور زندگی کو محفوظ بنانا اور ملک سے پولیو کا خاتمہ کر نا ہے ۔کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کریں۔ انفرادی و اجتماعی جو ان کی ضرورت ہو حکمت عملی اختیار کریں، کمیونٹی کا تعاون حا صل کریں، والدین کو پابند کریں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں ۔



انہوں نے افسران سے کہا کہ ساری دنیا کی نظر پاکستان پر لگی ہوئی ہے پاکستا ن اور افغانستا ن کے علاہ دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوگیا ہے۔کراچی میں پولیو وائرس کی موجودگی تشویش کی بات ہے، اس وائرس کو ہر حال میں ختم کر نا ہے۔اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ قومی خدمت اور انسانی خدمت کے جذبے سے کام کریں اپنی ذمے داری پوری کر نے کے لیے تمام اختیارات اور ہر ممکنہ ذرائع اختیار کریں اور اس بات کو ممکن بنائیں کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔کمشنر نے اس بات پر افسوس کا ظہا ر کیا کہ بعض والدین کو اپنے بچوں کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے وہ نادانستگی میں اپنے بچوں کو خطرے سے دوچار کررہے ہیں۔ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہو گا تو ملک کا ہر بچہ پولیو سے محفوظ ہو گا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں موثر اقدامات کرے گی ۔ فیصلہ کیا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ پولیوٹیمیں علاقے کے ورکرز پر مشتمل ہوں۔عالمی ادارہ صحت کے ٹیم لیڈر عبدالرحمان نے اجلاس میں انسداد پولیو کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان میں صحیح سمت میں کوششیں کی جارہی ہیں، امید ہے یہ کوششیں جلد بارآور ثابت ہوں گی۔