اتحاد امت کنونشن یکجہتی کا مظہر ثابت ہوگا‘ حافظ نعیم

614
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن مسلم آباد لانڈھی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے ہیں 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی اور جمعیت اتحاد العلما کے زیر اہتمام اتوار 17ستمبر کو نیو ایم اے جناح روڈ پر ہو نے والے ’’اتحادِ امت کنونشن ‘‘ کی تیاریوں اور انتظامات اور جائزے کے لیے امرائے اضلاع اورجمعیت اتحاد العلما کے ذمے داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں علما کنونشن کے حوالے سے علما کرام سے رابطوں اور دیگر انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ ’’اتحادِ امت کنونشن ‘‘ موجودہ حالات میں اتحاد و یکجہتی کا بھر پور مظہر اور پوری قوم کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہو گا ۔کنونشن میں تمام مکاتب فکر اور مسالک کے علما کرام بہت بڑی تعداد میں شر یک ہوں گے اور کنونشن کو بھر پور طریقے پر کیا جائے گا ۔



انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام تر فروعی و مسلکی اور دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر عالمی سطح پر امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو نے اور ملک اور قوم کو بحرانوں سے نجات دلانے اور سیکولر اور لبرل عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بھر پور اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے ۔اس کے لیے تمام علما کرام سے بڑے پیمانے پر رابطے کیے جائیں گے اور ان کو کنونشن میں شر کت کی دعوت دی جائے گی ۔علما کرام اور منبر و محراب موجودہ صورتحال اور نازک حالات میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ بر ما میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے اور احتجاجی تحریک کے ساتھ ساتھ ان کے لیے امدادی مہم بھی جاری رکھی جائے گی ۔کراچی کے عوام نے جس بھر پور طریقے سے سپورٹ روہنگیا مارچ کو کامیاب بنایا ہے اس طرح روہنگیا فنڈ میں اہل کراچی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمے داروں کو ہدایت کی کہ روہنگیا فنڈ کے سلسلے میں بازاروں ،اہم پبلک مقامات اور مساجد پر جھولی فنڈ جمع کریں اور اس سلسلے میں بھر پور رابطے کریں ۔