پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے میں 63ارب 56کروڑ روپے کا اضافہ

586

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہااورسرمایہ کاروں کی جانب سے کاروبار میں نئی سرمایہ کاری جاری رہی، تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس کی تین بالائی 42400، 42500 اور 42600 پوائنٹس کی نفسیاتی حدیں عبور ہوگئیں۔سرمایہ کاروں نے ٹیلی کام، اسٹیل، بینکنگ،گیس اور دیگر سرگرم سیکٹر کے شیئرز میں دلچسپی لی۔ ایک موقع پر تیزی کی لہر42700 کی سطح بھی عبور کرگئی اور انڈیکس42737پوائنٹس تک جا پہنچا تاہم کاروبار کے اختتام پرانڈیکس 42600کی سطح پر بندہوا۔ مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 63 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا تاہم تجارتی حجم میں 5 کروڑ 2 لاکھ 8 ہزار 93 روپے کی کمی ہوگئی۔ جمعرات کو بھی گزشتہ روز کی طرح مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں دکھائی دیں اور سرمایہ کار متحرک دکھائی دیے۔ ماہرین اسٹاک کے مطابق خریداری کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے گو کہ مارکیٹ میں کوئی نیا ٹریگر موجود نہیں مگر اس کے باوجود مستقبل کے سودوں میں انویسٹرز کی دلچسپی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھربلندیوں کی جانب گامزن ہے ۔



کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو بھی شیئرز مارکیٹ میں تیری کی لہر برقرار رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 373.45 پوائنٹس کے اضافے سے 42683.57 پوائنٹس پر بند ہوا ،کے ایس ای 30 انڈیکس 214.97 پوائنٹس کے اضافے سے 21936.20 پوائنٹس،کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 221.98 پوائنٹس بڑھ کر30458.11پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس میں 550.63 پوائنٹس کی تیزی سے 72334.24پربند ہوا۔ مارکیٹ میں جمعرات کو 390 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 232 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 130 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 28 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 21 کروڑ 71 لاکھ 24 ہزار 520 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز بدھ کو17کروڑ 38 لاکھ 14ہزار 390 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 63 ارب 56 کروڑ 61 لاکھ 99 ہزار 23 روپے بڑھ کر 88 کھرب 94 ارب 80 کروڑ 56 لاکھ 8 ہزار 34 روپے ہو گیا۔ سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 177.33 روپے کے اضافے سے 12477.33 روپے پر بند ہوئی۔



اسی طرح ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کے سودے بھی 72.68 روپے کی تیزی سے 2200 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی یونی لیور فوڈز اور آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 100 روپے کی مندی سے 6400 روپے اور آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت بھی 49.34 روپے کی کمی سے 937.49 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار ورلڈکال ٹیلی کام کے حصص میں ہوا جو 4 کروڑ 79 لاکھ 66 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 2.82 روپے سے شروع ہو کر 3.48 روپے پر بند ہوئی جبکہ آزگارڈ نائن کے 2 کروڑ 29 لاکھ 42 ہزار حصص کے سودے 13.49 روپے سے شروع ہو کر 13.68 روپے بند ہوئے۔