گلشن معمار اور اطراف کی آبادیاں سیوریج کے پانی کے باعث پریشان

475
گلشن معمار :کاٹن سوسائٹی اسکیم33 سیکٹر 51-A کی سڑکوں پربارش اور سیوریج کے پانی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن معمار اور اس کے اطراف کی آبادیاں سیوریج لائن کے چوک ہوجانے کے باعث مسائل کا شکار ہیں،معمار موڑ سے احسن آباد جانے والی سڑک اور اس سے متصل آباد یوں کاٹن سوسائٹی اسکیم33 سیکٹر 51-A ہادی آبادیوسی 4 ایڈمور پیٹرول پمپ کی درمیانی سڑک بزنس سوسائٹی، دھنی بخش گوٹھ اورفقیرا گوٹھ میں گزشتہ چند ماہ سے دھنی بخش گوٹھ میں گٹر لائن کے چوک ہوجانے کی وجہ سے سیوریج کا پانی تالاب کی شکل میں مسلسل جمع رہتا ہے، جس کی بدبو اور گندگی کے باعث مکینوں اور گزرنے والوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ،سیوریج کے کھڑے پانی سے، غلاظت کے باعث جراثیم پھیل رہے ہیں جن سے نزلہ بخار،انفیکشن ،ڈینگی ، ملیریا اور چکن گونیاسمیت دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں ،کاٹن سوسائٹی میں عثمان پبلک اسکول بھی واقع ہے جہاں روزانہ سیکڑوں طلبہ و طالبات کا گزر ہوتا ہے، انتظامیہ ،اساتذہ اور بچے بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں،بہتے گٹر کا پانی صوبائی و شہری حکومت ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور متعلقہ حکام کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،



اہل علاقہ نے اس مسئلے پر اس سے پہلے یوسی کے دفتر میں متعلقہ یوسی 4، اسکیم33 گلزار ہجری کے منتخب بلدیاتی نمائندوں،یوسی چیئرمین اور وائس چیئر مین سے گزارش کی تھی کہ وہ فوری طورپر اس مسئلے کو حل کریں، شکایات درج کرائیں لیکن شنوائی نہیں ہورہی جبکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ہیلپ لائن میں 8 ستمبر کو شکایت درج کرائی گئی بلکہ یوسی ذمے داران لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت مٹی ڈلوانے کے کام میں روڑے اٹکا رہے ہیں، گٹر کے پانی کے مستقل جمع رہنے کے باعث اطراف کی سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے ،اس سے ذرا آگے احسن آباد سے بنگالی موڑ جانے والی سڑک بھی سیوریج لائن کے چوک ہوجانے سے متاثر ہے بنگالی موڑ کے چوراہے پر پانی تالاب کی صورت میں جمع ہے جگہ جگہ سڑک پر گڑھے پڑ گئے ہیں،یہ راستہ گلشن معمار کا مین راستہ ہے۔ گلشن معمار کے داخلی راستے گیٹ نمبر 1 پر بھی سیوریج کا کھڑا پانی آمدو رفت کے لیے مشکلات اور جراثیم ،بدبو اور گندگی کے باعث صحت کے مسائل کا سبب بن رہا ہے۔



جماعت اسلامی زون گجرو کے امیر مقصود احمد ملک، چیئرمین پبلک ایڈ کمیٹی زون گجرو سومار برفت اورناظم علاقہ امین اشعرنے وزیر اعلیٰ سندھ،وزیر بلدیات سندھ، بلدیہ عظمیٰ کراچی ،میئر کراچی اور واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے چیئر مین، یوسی 4 کے چیئر مین اور وائس چیئرمین سے پر زور اپیل کی ہے کہ برائے مہربانی ان علاقوں کی گٹر لائن ٹھیک کرائیں اور عوام کے مسائل و مشکلات کومد نظر رکھتے ہوئے فوری ٹھوس اقدامات کریں۔