بھارت کی پہلی بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

348
نئی دہلی: نریندر مودی اپنے جاپانی ہم منصب شنزو آبے کے ساتھ بلٹ ٹرین منصوبے کا جائزہ لے رہے ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی پہلی تیز رفتار بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کی صبح احمدآباد کے سابرمتی ایتھلیٹک گراؤنڈ میں اس منصوبے پر کام کا افتتاح ملکی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے جاپانی ہم منصب شنزو آبے نے کیا۔ واضح رہے کہ جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے بدھ کے روز 3 روزہ سرکاری دورے پر بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمدآباد پہنچے تھے۔ دونوں رہنما تزویراتی، معاشی اور ترقیاتی تعاون کے کئی دیگر معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جاپانی وزیراعظم کے اس دورے کا ایک مقصد شمالی کوریا کے خلاف بھارت کی حمایت حاصل کرنا ہے۔ بلٹ ٹرین منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج میں نے اور میرے جاپانی ہم منصب شنزو آبے نے جس بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد رکھا ہے، وہ بھارت کی ترقی کی رفتار تیز کردے گی۔



یہ ٹرین لوگوں اور جگہوں کے درمیان فاصلے کو کم کرے گی۔ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یہ بلٹ ٹرین گجرات کے ریاستی دارالحکومت احمدآباد اور ملک کے اقتصادی مرکز ممبئی کے درمیان چلے گی، اور یوں 8 گھنٹے کا سفر ساڑھے 3 گھنٹوں میں طے ہوا کرے گا۔ یہ منصوبہ گزشتہ برس طے کیا گیا تھا اور امکان ہے کہ 2023ء تک یہ ٹرین کام کرنا شروع کردے گی۔ ٹوکیو حکومت نے 19 ارب ڈالر لاگت کے اس منصوبے کے لیے قریب 85 فیصد رقم قرضے کی صورت میں فراہم کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ریلوے نظام میں جدت لانے کے لیے دونوں ممالک کا اشتراک بھارت کی بہت پرانی ریل گاڑیوں اور گنجایش سے زیادہ بوجھ جیسے مسائل حل کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارت میں برطانوی دور سے چلے آ رہے بھارتی ریلوے نظام کو یومیہ بنیادوں پر 2 کروڑ 20 لاکھ مسافر استعمال کرتے ہیں، تاہم اسے دنیا کے خطرناک ترین ریلوے نظام میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔ چند سال قبل جاری کردہ بھارتی حکومت کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر قریب 15 ہزار اموات ریل گاڑیوں کے حادثات کے سبب ہوتی ہیں۔