ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یوبی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے‘ ایس ایم منیر

320
سابق صدرایف پی سی سی آئی اور سابق چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ ایس ایم منیر چیف کمشنراٍن لینڈ ریو نیو سیما شکیل کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے اور ہم نے ان کے اس اعتماد کا مان رکھتے ہوئے ہمیشہ اجتماعی فیصلے کیے ہیں اورآئندہ بھی ہم میرٹ کے تحت تمام ترفیصلے کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف تجارتی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ اس موقع پر یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز،نوراحمدخان اور دیگربھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اور ہم نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مسلسل تین سال تک کامیاب صدورمیاں محمد ادریس، عبدالرؤف عالم اور زبیرطفیل سمیت دیگرکامیاب عہدیدار دیے جنہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی جدوجہد کی اور بزنس کمیونٹی کے اعتماد پر پورے اترے،



یو بی جی میں آئندہ بھی بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنے والے نمائندوں کو ہی منتخب کیا جائے گااوردسمبر میں ہونے والے فیڈریشن الیکشن میں اس بار یونائٹیڈ بزنس گروپ کو100فیصد کامیابی حاصل ہوگی اورہمارے نامزد کردہ تمام امیدوارکامیاب ہوکرپاکستان کی تاجربرادری اور فیڈریشن کی شان بڑھائیں گے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی نے اقتدار میں آنے کے بعد فیڈریشن سے نہ صرف مالی بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا بلکہ جاری مالی معاملات بہتر بنائے، ایف پی سی سی آئی میں3سال قبل لوٹ مار مافیا کاراج تھا اور یہ مافیا آج بھی فیڈریشن کے وسائل ہڑپ کرنے کے لیے لالچی نگاہیں جمائے ہوئے ہے مگر اب لوٹ مارمافیا کوملک بھر کی بزنس کمیونٹی بخوبی پہچان چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں انہیں چوتھی بار عبرتناک شکست ہوگی ۔