حافظ نسیم الدین ردالفساد کے سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں،پروفیسر انعام احمد

334
پاکستان کوئز سوسائٹی رجسٹرڈ کے تحت ایم ایم عالم کوئز رننگ ٹرافی مقابلہ معلومات کے موقع پر فاتح طلبہ و طالبات کا مہمان خصوصی چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انعام احمد،حافظ نسیم الدین و دیگر کا فوٹو

کراچی (پ ر) تعمیری سرگرمیوں میں فعال کردار کے باعث حافظ نسیم الدین ردالفساد کے سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں، قوم کو من حیث المجموعی پاکستان کوئز سوسائٹی پی کیو ایس رجسٹرڈ کے سربراہ کا ناصرف شکر گزار ہونا چاہیے، بلکہ اپنا تعاون و اشتراک بھی اس مثبت مشن میں شامل کرنا چاہیے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے حافظ نسیم الدین کی شاندار علمی، تحقیقی و تدریسی اور کوئز کی خدمات پر ’’پرائز آف پرفارمنس‘‘ ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ’’تاریخ افواج پاکستان‘‘ کے عنوان سے یوم دفاع کے سلسلے میں پاکستان کوئز سوسائٹی رجسٹرڈ کے زیراہتمام گورنمنٹ دی بوائز کالج حسین آباد، فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات ’’ایم ایم عالم کوئز رننگ ٹرافی‘‘ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انعام احمد نے کیا۔



اس موقع پر صدر نشین ڈاکٹر ناصر انصار نے کہا کہ کوئز طالبعلموں کا وہ خفیہ ہتھیار ہے، جو زندگی کے ہر مرحلے میں انہیں کامیابیوں کی نئی منزلیں عطا کرتا ہے، اس شعبے سے وابستہ نوجوانوں نے ہمیشہ لیڈنگ رول ادا کیا ہے۔ پروفیسر حافظ نسیم الدین نے کہا کہ طلبہ و طالبات کا بڑھتا ہوا ذوق و شوق میرے حوصلوں کو مہمیز عطا کرتا ہے، جو میرے مشن کی کامیابی کا ایندھن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز سے بہت بڑی تعداد میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کی ٹیمیں ہمارے مقابلوں میں شریک ہو رہی ہیں، یہ پی کیو ایس رجسٹرڈ کے مشن کی پذیرائی ہے۔