عالمی کرکٹ کی بحالی‘ کھلاڑیوں کا خراج تحسین‘ مقصد پورا ہوگیا‘ نجم سیٹھی

204

اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان نے 3 میچوں پر مشتمل سیریز آزادی کپ جیت کر نہ صرف گرین شرٹس کی کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھا بلکہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی میزبانی کر کے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہیں بھی کھول دیں۔سیریز کے اختتام پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ان کوششوں کو سراہا جن کی بدولت بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیم ’ورلڈ الیون‘ لاہور آمد پر رضا مند ہوئی۔عام شائقین کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی لاہور میں آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کامیاب سیریز پر کہا کہ ان کا مقصد پورا ہوگیا۔ سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے آزادی کپ جیتنے پر ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور ملک میں کرکٹ کی بحالی پر پی سی بی اور ملک کی سیکورٹی اداروں کی تعریف کی۔سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی تہہ دل سے حوصلہ افزائی کی اور سرفراز احمد اور ٹیم کو شاندار فتح پر مبارک باد پیش کی۔



پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نے اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا جبکہ شاندار سیریز منعقد کرانے پر پی سی بی کی تعریف کی اور سیکورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا۔پاکستانی ٹیم اسکواڈ کا حصہ نہ بننے والے کھلاڑی بھی ورلڈ الیون کی آمد پر پر جوش دکھائی دیے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر ورلڈ الیون کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین نجم سیٹھی کی کوششوں کو بھی سراہا۔سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی پاکستان آمد پر آئی سی سی ورلڈ الیون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں آپ سے بے حد پیار ہے اور ہم آپ کی بے حد عزت کرتے ہیں۔محمد حفیظ نے اس دورے کو کامیاب بنانے پر پاکستان کے سیکورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر آزادی کپ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا، اور پاکستان کوکٹ بورڈ کو کامیاب سیریز پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹسمین سیدہ نین عابدی نے اپنے پیغام میں پاکستان ٹیم کو جیت پر مبارک باد پیش کی اور لاہور تشریف لانے پر ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔بیٹنگ آل راؤنڈر جویریہ خان نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو حقیقی فاتح قرار دیا جبکہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے اقدامات کرنے پر پی سی بی اور آئی سی سی کا شکریہ ادا کیا۔