آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ون ڈے میں آج مدمقابل ہوں گی

366

چنائی(جسارت نیوز) عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج چنائی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے پاس عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے، مقصد کے حصول کیلئے انہیں 5-0 یا 4-1 کے مارجن سے سیریز جیتنا ہو گی۔ آسٹریلوی ٹیم نے انڈین بورڈ پریذیڈنٹ الیون کو ٹور ون ڈے میچ میں شکست دے کر دورے کا جاندار آغاز کیا تھا۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرا ون ڈے 21 ستمبر، تیسرا ون ڈے 24 ستمبر، چوتھا ون ڈے 28 ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر، دوسرا میچ 10 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے باہمی ایک روزہ میچز میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 123 میچز کھیلے گئے جن میں سے 72 میں آسٹریلیا اور 41 میں بھارت کامیاب رہا جبکہ دس میچ بے نتیجہ رہے۔