اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ ضلع اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا دعوتی ،تنظیمی اور سیاسی کام تیزی سے آگے بڑ ھ رہا ہے ،کار کنان اور قیادت کی شبا نہ روز محنت سے جماعت اسلامی اسلام آباد کی سب سے بڑی قوت بن چکی ہے۔انہوں نے ذمے داران کو ہدایت کی کہ عوام سے رابطوں کو مزید و سیع اور مستحکم کیا جائے اور 2018ء کے انتخابات کے لیے ابھی سے بھرپور تیاری شروع کر دی جا ئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے ناظمین یونین کونسل کے جا ئزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس مو قع پر سیکرٹری جنرل امیر عثمان ، نائب اُمرا ملک عبد العزیز اور حا فظ تنو یر احمدو دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ زبیر فارو ق خان نے کہا جماعت اسلامی نے جس کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا تھا اسے ان شاء اللہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
آئین و قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،ملک میں آئین کی حکمرانی کیلیے ہم نے طویل جنگ لڑی ہے ، احتساب کیلیے جماعت اسلامی کی تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،قومی خزانے کو لوٹنے والے بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے امیر عثمان نے کہا جماعت اسلامی کی دعوت اور مشن انبیاء ؑ کی دعوت اور مشن ہے اور اقامت دین کی جدوجہد اور رضائے الٰہی کا حصول اس کا مرکز و محور ہے ۔خدمت خلق ، عوامی مسائل کی تمام تر کوششیں دین کے پیغام کو پھیلانے کی جدوجہد بھی ہم اسی جذبے کے تحت کرتے ہیں کہ ہم آخرت میں سرخرو ہوں۔