روہنگیامسلمانوں پر مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے

248

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیرضلع شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ برما فوج اور حکومت کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوزمظالم کی انتہا ہوچکی، ان پر زمین تنگ کردی گئی ،ایسے حالا ت میں عالمی برادری سمیت پاکستان کی خاموشی اور برما کے سفیر کا اسلام آباد میں موجودرہنا شرمناک اور قابل مذمت ہے ، پاکستانی وزیراعظم کا بنگلا دیش یا برما میں ان مظلو م مسلمانوں کی داد رسی کیلیے اقدامات کرنے کے بجائے امریکا کا دورہ اور واشنگٹن میں حاضری بزدلانہ اقدام ہے، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن روہنگیا مسلمانوں کی عملی مدد کیلیے اقدامات کررہی ہے ،پورے ملک کی طرف ضلع راولپنڈی میں بھی ہم ظلم کی چکی میں پسے ہوئے اپنے مسلمان بھائیوں کے امداد کیلیے فنڈزجمع کررہے ہیں ۔ پاکستانی قوم اور مخیرخواتین وحضرات اس جدوجہد میں ہماری عملی مددکریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے ذمے داران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔



اس موقع پر انہوں نے ذمے داران کوہدایت کی کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلیے کیمپ قائم کرنے کے علاوہ ، مارکیٹ میں جھولی پھیلاؤ اورذاتی رابطو ں کے ذریعے فنڈ زجمع کریں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک کرے ، برما کے سفیر کو ملک بدر کر کے برما سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کیا سعودی عرب میں دہشتگردی کے خاتمے کیلیے قائم اسلامی فوج کی نظرمیں برما کی حکومت دہشتگردی نہیں کررہی یا وہ صرف شاہی خاندان اور امریکا کے مفادات کے تحفظ ہی کیلیے متحرک ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب تک روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر اپنا کردار ادا نہیں کرے گی ،ہم ہرسطح پر اس کے حوالے سے آوازبلندکرتے رہیں گے۔