کرم ایجنسی میں ڈرون حملے پر امریکی سفیر کو طلب کیا جائے‘ میاں مقصود

329

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدنے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ جس میں امریکا کی جانب سے پاکستان پرغیر نیٹواتحادی کا درجہ ختم کرکے دہشت گردی کا پشت پناہ قراردینا اور یکطرفہ ڈرون حملوں کے حوالے سے غور کرنے پر اپنے شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی کاسہ لیسی چھوڑکر ایک باوقار اور خودمختارخارجہ پالیسی تشکیل دے۔کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔دنیا میں اصل دہشت گردی کے بڑے سپوٹرز بھارت، امریکا اور اسرائیل ہیں۔ عراق افغانستان جنگ میں پندرہ لاکھ سے زائد افراد کو صفحہ ہستی سے مٹادیا گیا۔پاکستان نے اس نام نہاد جنگ میں60ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ اس کے باوجود ’’ڈومور‘‘کا مطالبہ ناقابل فہم ہے۔



انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی شروع دن سے ’’گوامریکا گو‘‘تحریک چلا رہی ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ امریکا پاکستان اور اس کے عوام کا دوست ملک نہیں بلکہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے کام کرنے والا دوست نمادشمن ہے ،جس نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشوں کو ہوا دی۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں چودھراہٹ کا خواب ہندوستان کو دکھاکرپاکستان میں دہشت گردی پر اکسانے والاامریکا دوہرے معیار رکھتا ہے۔ ڈونلڈٹرمپ کی پاکستان مخالف پالیسی حکمرانوں کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ پاکستانی قوم کا مطالبہ ہے کہ سیاسی وعسکری قیادت ملک کی عزت ووقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے استحکام پاکستان کے حوالے سے اقدامات کریں۔ پاکستان کو اب ڈومور کے بجائے نومور کہنا چاہیے۔ جنرل پرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔قوم کی جرأت مندبیٹی عافیہ صدیقی کو23ستمبر کو امریکی قید میں 15 سال مکمل ہوجائیں گے ان کی رہائی کے حوالے سے بھی سنجیدگی سے کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔